کوئٹہ،23دسمبر(اے پی پی): وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر پی ایس ایل کے تحت کوئٹہ میں کرکٹ میچ کے انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس وزیراعلی بلوچستان کے پرنسپل سیکرٹری عمران گچکی کے زیر صدارت منعقد ہوا ، سیکریٹری کھیل، کمشنر کوئٹہ، ڈی آئی جی کوئٹہ اور صوبائی اور عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان 5 فروری 2023کو کوئٹہ میں کھیلے جانے والے میچ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایوب سپورٹس کمپلیکس کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور سہولیات اور کرکٹ گراونڈ کی ضروری مرمت اور سہولیات کی فراہمی کے کام کا جلد آغاز کیا جائے گااور کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں اور متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط روابط کے لئے مرکزی رابطہ دفتر کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلی پرنسپل سیکریٹری عمران گچکی نے کہا کہ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور بلوچستان کے عوام کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہ بلوچستان کو بین الاقوامی میچوں اور پی ایس ایل کے مقابلوں کے انعقاد میں نظر انداز کیا جا تا رہاہے تاہم وزیراعلی کی ذاتی دلچسپی کی بدولت کوئٹہ کو میچ دینے پر پی سی بی کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا فروغ اور صوبے کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کھیل اور کھلاڑیوں سے گہری دلچسپی رکھتے ہیں، پی ایس ایل کے میچ کے انعقاد سے بلوچستان میں انٹرنیشنل مقابلوں کے انعقاد کے دروازے کھل جائیں گے جو کھیلوں کی ترقی و ترویج کی جانب اہم پیش رفت ہے۔











