اوکاڑہ؛ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے تحصیل دیپالپورکے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا

20

اوکاڑہ،4جنوری(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے تحصیل دیپالپورکے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا،اس  موقع پر انہوں نے  کہا  کہ ضلع میں ترقیاتی منصوبے علاقائی ضرورت ،عوام کی خواہشات کے ساتھ ساتھ پائیداری اور خوبصورتی کے شاہکار ہونے چاہیے، آج کے ترقیاتی منصوبے لوگوں کی سہولت اور آسانی کے ساتھ ساتھ مستقبل کی ضرورتوں کو بھی پورا کریں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری وسائل ہمارے پاس امانت ہیں جن کو انتہائی احتیاط ،ذمہ داری اورفرض شناسی سے بروئے کار لایا جا رہا ہے، ہر منصوبے کو شفافیت ،میرٹ اور حسن تدبیر سے مکمل کیا جائے، فیلڈ افسران ذاتی کاوش اور لگن سے ان منصوبوں کی جلدتکمیل کے لئے اقدامات کریں۔

بعد ازاں انہوں نے دیپالپور تا بصیر پور روڈ اور دیپالپور تا حویلی روڈ کے جاری منصوبوں کا بھی معائنہ کیا ۔ اس موقع پر دیپالپور تا حویلی روڈ کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ میٹریل کے معیار  پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ناقص میٹریل استعمال کرنےوالے ٹھیکیداران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور ڈاکٹر رانا اورنگزیب،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مرغوب حسین ڈوگر اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔