حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنا گردشی سفیر سمجھتی ہے، ساجد حسین طوری

47

اسلام آباد، 26 جنوری (اےپی پی): وفاقی وزیر، وزارت سمندر پار پاکستانیز وترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے اوپی ایف اور پاک جرمن سہولیاتی وبحالی سنٹر کی جانب سے منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنا گردشی سفیر سمجھتی ہے اور انہیں درپیش مسائل کے حل اور پاکستان میں ان کی بحالی کے لئے سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی قیادت میں وزارت سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل، وطن واپس آنے والے پاکستانیوں کی بحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب سے بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے وزیر خارجہ بنے ہیں، دنیا کے ساتھ ہمارے سفارتی تعلقات بہتر ہوئے ہیں اور وہ پاکستان کے بہترین امیج کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

ساجد حسین طوری نے کہا کہ انکی وزارت کی کوشش ہے کہ زیادہ ہنر مند پاکستانی نوجوانوں کے لیے بیرون ملک روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں جس کے لیے مختلف ممالک کے ساتھ معاہدے کیے گئے ہیں اور وہ مختلف ممالک کے دورے بھی کر چکے ہیں۔

موجودہ حکومت کے ویژن کے مطابق اوپی ایف وطن عزیز واپس آنے والے پاکستانیوں کو پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ٹول کٹس بھی مہیا کررہا ہے تاکہ انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد ملے۔

جرمن سفارتخانے کے حکام نے بتایا کہ ان کا ادارہ پاکستان واپس آنے والے افراد کی استعداد کار بڑھانے اور بیروزگار ی کو کم کرنے میں اہم کردار اداکررہا ہے۔

تقریب میں وطن واپس آنے والے مختلف شعبہ جات بشمول الیکٹریشن،سولر ٹیکنیشن،موٹر سائیکل مکینک،فیشن ڈیزائننگ،کوکنگ،انفارمیشن ٹیکنالوجی،پلمبر،کارپینٹراور مستری کے شعبے سے وابستہ 150سے زائد افراد میں اووزار(ٹول کٹس)بشمول پسنجر ولوڈر رکشہ اور موٹر سائیکل تقسیم کیے گئے۔