خواتین کو مساوی حقوق دینا اور بااختیار بنانا پیپلز پارٹی کا منشور ہے؛وفاقی وزیر ساجد حسین طوری

18

پشاور،02 جنوری (اے پی پی ): وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا  ہے کہ خواتین کو مساوی حقوق دینا اور بااختیار بنانا پیپلز پارٹی کا منشور ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کو یہاں  پشاور میں تقسیم اسناد کی تقریب خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے ووکیشنل ٹریننگ حاصل کرنے والی خواتین میں اسناد تقسیم کیں، وزارت سمندر پار پاکستانیوں اور ترقی انسانی وسائل اور جی آئی ذی نے سابق فاٹا سے تعلق رکھنے والی خواتین کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی، خواتین نے گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سنٹر حیات آباد پشاور میں پینتالیس روزہ تربیتی پروگرام میں حصہ لیا۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ  پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اہم عہدوں پر تعینات کیا ہے،  پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو عالم اسلام کی پہلی خاتون رہنما ہیں۔انہو ں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو پاکستان کی تمام خواتین کے لیے رول ماڈل ہیں، پیپلز پارٹی کا نصب العین ہے کہ ہر عورت کو بااختیار بنایا جائے، ہم خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے انہیں پیشہ ورانہ تربیت دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ  پیشہ ورانہ تربیت کا یہ سلسلہ پاکستان کے تمام صوبوں اور اضلاع تک پھیلایا جائے گا، پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں کا مقصد یہ ہے کہ خواتین کسی پر منحصر نہ ہوں، خواتین کو ملک چلانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات ہیں کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی نوجوان اور خواتین کو ملازمت دی جائے، ہم صرف وعدے نہیں کرتے بلکہ عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار کے لیے بیرون ملک بھیجا جا رہا ہے، نوجوان غیر قانونی طور پر بیرون ممالک جانے سے گریز کریں، نوجوانوں کو فنی تربیت دینے کے بعد بیرون ممالک بھیجا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ  بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی سالانہ چالیس ارب ڈالرز کا زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں، ہنر مندوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے خواتین میں سلائی مشینیں اور دیگر ٹول کٹس بھی تقسیم کیں۔تقسیم اسناد کی تقریب میں سینیٹر روبینہ خالد اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔