رحیم یار خان:آر پی او بہاولپورنے کھروڑ پولیس مقابلہ میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی

17

رحیم  یارخان، 18جنوری(اےپی پی): آر پی او بہاول پور منیر احمد ضیاء  نے کہا ہے کہ پولیس کے زخمی شیرجوانوں کے مسکراتے ہوئے چہرے بزدل جرائم پیشہ عناصر کے منہ پر زور دار تماچہ ہیں، میں ڈی پی او اخترفاروق اور رحیم یار خان پولیس ٹیم کو جرات اور بہادری کے ساتھ  ڈاکوؤں کے خلاف   لڑنے پر سلام پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی پی او اخترفاروق کے ہمراہ شیخ زید ہسپتال میں کھروڑ پولیس مقابلہ میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ کھروڑ میں ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران خطرناک جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مقابلہ کے دوران جس طرح پولیس افسران و جوانوں نے جرات اور بہادری کی جو داستان رقم کی ہے وہ ہر طور قابل فخر وستائش ہے،میں کامیاب کارروائی کے دوران دو ڈاکوؤں کو مقابلہ کے دوران ہلاک ایک کو زخمی کرنے پر تمام پولیس ٹیم کو شاباش دیتا ہوں اور ڈی پی او رحیم یارخان اور ان کی ٹیم کو سلام پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ وہ مقابلہ میں زخمی اہلکاروں کی بابت بہت فکر مند تھے لیکن آج میں ان کے مسکراتے ہوئے چہروں کو دیکھ کر مطمین ہوا ہوں اور پولیس کے شیر جوانوں کے چہرے کی مسکراہٹ جرائم پیشہ عناصر کے منہ پر زور دار تماچہ کے مترادف ہے، آر پی او منیر احمد ضیاء اور ڈی پی او اخترفاروق نے زخمی جوانوں کے ماتھے چوم کر کمانڈرز کی جوانوں کے لیے انتہائی محبت کا اظہار کیا۔