ملتان، 18 جنوری (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر محمد طاہر کی ہدایت پر ضلع بھر میں سستے آٹے کی بلاتعطل فراہمی کیلئے مرکزی مقامات پر ٹرکنگ پوائنٹس قائم کردیے گئے ہیں۔ضلعی ٹاسک فورس نے گزشتہ روز بھی ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ آصف رضا کی سربراہی میں آٹے کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث ایک شخص گرفتار کرلیا جبکہ 5 فلور ملز کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ آصف رضا مت مخلتف آٹا سیل پوائنٹس پر اچانک انسپکشن کی اور ہوٹلوں کو آٹا سپلائی کرنے والے محمد بلال کو تھانہ شاہ رکن عالم میں بند کرادیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ نے پاکیزہ فلور ملز ،شمشاد اور محمود فلور ملز کو لاکھوں روپے کے جرمانے بھی عائد کئے۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عمیر صغیر نے بھی رات گئے اچانک چھاپے مارے اس موقع پر ہوٹلوں کو سپلائی کئے جانیوالے سرکاری آٹے کے 100 تھیلے بھی پکڑے گئے۔آصف رضا نے بتایا کہ سرکاری آٹے کی خوردبرد پر ہمزائی فلور کا کوٹہ معطل کردیا گیا ہے جبکہ شہریوں کو بلاتعطل فراہمی سے آٹے کی مصنوعی بحرانی کیفیت میں کمی آرہی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ کا کہنا تھا کہ نجی مارکیٹ میں بھی آٹے کی کوالٹی اور سپلائی پر مکمل نظر ہے۔











