سکھر: ایشین اسٹائل کبڈی تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا

2

سکھر۔30جنوری(اے پی پی )ایشین اسٹائل کبڈی تربیتی کیمپ کا انعقاد گورنمنٹ ڈگری کالج میں کیا گیا۔سکھر اور لاڑکانہ کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔کیمپ کا افتتاح تنظیم پاکستانی کے سربراہ ڈاکٹر سعید اعوان،پاکستان میڈیا کونسل سندھ کے جنرل سیکریٹری حاجی محمد ریاض کھوکھر اور ڈویڑن کے آفیس سیکرٹری زاہد شیخ اور سندھ کبڈی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری حاکم علی ماکو نے کیا۔

اس موقع پر اسلام آباد سے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا محمد سرور نے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کے سندھ میں کبڈی کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے۔صرف اسے نکھارنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر سعید اعوان نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں کھیلوں کا فروغ دینا قابلِ ستائش ہے۔جب ہر طرف برائیاں عروج پر ہوں ایسے میں نوجوانوں کا کھیلوں میں حصہ لینا بہترین عمل ہے اس سے نوجوانوں کی ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔کبڈی ایسا کھیل ہے جس سے نوجوانوں کی جسمانی نشوونما اور فٹنس اچھی ہوجاتی ہے حکومتی سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لئے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔کبڈی کے بہترین ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے اس طرح کے کیمپس روشنی کی ایک کرن ہیں۔اس موقع پر سکھر آور لاڑکانہ کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا۔