شجر کاری مہم میں سب حصہ لیں تاکہ ہم اپنے بچوں کو ایک محفوظ مستقبل دے سکیں؛ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھی

12

اوکاڑہ،31جنوری(اے پی پی):  ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ شجر کاری مہم صرف سرکاری اداروں کی ذمہ داری نہیں ہے، معاشرہ کا ہر فرد اس کار خیر میں حصہ لے تاکہ ہم اپنے بچوں کو ایک محفوظ مستقبل ،بہتر آب و ہوا دے سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیپالپور چوک اوور ہیڈ برج کے نیچے کی گئی شجر کار ی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا کرنے کے لئے درخت ہی بنی نو انسان کے لئے ڈھال کا کام کریں گے، یہ ضروری ہے کہ ہم آنے والے دنوں کے لئے ابھی سے بھر پور شجر کاری کریں تاکہ مقرر کئے گئے اہداف خوش اسلوبی سے حاصل ہو سکیں۔

  ایس ڈی فاریسٹ افتخار حسین جنجوعہ نے شہر میں کی جانےو الی شجر کاری سے متعلق بریفنگ دی ۔ بعد ازاں شجرکاری مہم کے سلسلہ میں واک بھی منعقد کی گئی جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کی ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو، ایس ڈی او فاریسٹ افتخار حسین جنجوعہ سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔