شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں مصروف سپاہ کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے؛سی سی پی او لاہورغلام محمود ڈوگر

73

لاہور،3جنوری(اے پی پی):سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ لاہور پولیس ایک فیملی کی مانند  اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں مصروف سپاہ کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے،لاہور پولیس کے اپنی سپاہ کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے یہ باتیں کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر اور متعلقہ پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔سربراہ لاہور پولیس نے گزشتہ دنوں پولیس لائنز میں منعقد ہونے والے اردل روم میں شنوائی کے لئے پیش ہونے والے پولیس ملازمین میں مالی امداد کے چیک تقسیم کئے۔غلام محمود ڈوگر نے 19 پولیس افسران اور اہلکاروں میں 06 لاکھ 70ہزار روپے پر مشتمل فنانشل گرانٹ کے چیک 03 اے ایس آئیز،03 ہیڈ کانسٹیبلز،09 کانسٹیبلز،01 کانسٹیبل ڈرائیور، 01 نائب قاصد اور 02 خاکروبوں میں مالی امداد کے چیک تقسیم کئے۔

سی سی پی او  نے کہا کہ پولیس افسران واہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے، پولیس اہلکاروں کے بچوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کیلئے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ورثا کی مالی مدد اور واجبات کی ادائیگی  کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ پولیس ملازمین کے گروپ انشورنس،سکالرشپ، پینشن وجہیز کیسز میں رہنمائی کے لئے فوکل پرسنز مقرر کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ویلفئیر کے معاملات میں تاخیر ہر گز برداشت نہیں،کسی بھی غفلت پر متعلقہ فوکل پرسن ذمہ دار ہوگا۔

غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ انہیں  لاہور پولیس کا سربراہ ہونے پر فخر ہے جس کے جوان محدود وسائل اور مشکل حالات میں بہترین فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کیلئے لاہور پولیس کی کاوشیش قابل ستائش  اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ترجیح دی ہے۔