اوکاڑہ،04جنوری(اے پی پی):قومی شاہراہ اوکاڑہ ٹول پلازہ ساہیوال سائیڈپر ٹریفک حادثہ،2 افراد جانبحق، 3افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو ریسکیو 1122نےابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق قومی شاہراہ اوکاڑہ ٹول پلازہ کے نزدیک تیز رفتار ٹریلر کا منی مزدا ٹرک اورمسافر بس سے تصادم ہو گیا جسکے نتیجے میں 2 افراد جانبحق اور 3زخمی ہو گئے۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی 3ایمبولینس اور ریسکیو وہیکل فوری جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال منتقل کر دیا۔جانبحق ہونے والے ایک شخص کی شناخت محمد کاشف ولد اشرف (32سال تقریباً) کے نام سے ہوئی ہے جوکہ خانکے پتوکی کا رہائشی تھا جبکہ دوسرے شخص جس کی عمر تقریباً 30 سال اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ریسکیو ٹیموں نے جانبحق ہونے والے افراد کی نعشوں کو ضروری کارروائی کرنے کے بعد ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال منتقل کر دیا۔











