فیصل آباد،18جنوری(اے پی پی):آل پاکستان ہائر ایجوکیشن کمیشن 10ویں 3 روزہ انٹر ورسٹی نیٹ بال وومن چیمپین شپ کابدھ کو یونیورسٹی آف فیصل آبادکے سلیم کیمپس سرگودھا روڈ فیصل آباد کے ڈاکٹر اے کیو خان گراؤنڈ میں آغاز ہوگیا ہے جس میں ملک بھر کی 17 یونیورسٹیز کی بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
10ویں آل پاکستان ہائر ایجوکیشن کمیشن انٹر ورسٹی 3 روزہ نیٹ بال وومن چیمپین شپ جس کا انعقادہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور یونیورسٹی آف فیصل آبادکے اشتراک سے کیا جارہا ہے۔ میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان کے نامورقومی و انٹرنیشنل کرکٹر سعید اجمل جبکہ چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف فیصل آباد میاں محمد حیدر حنیف اورریکٹر دی یونیورسٹی آف فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر خلیق الرحمن مہمانان اعزاز تھے جبکہ افتتاحی تقریب میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور طلبا و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پہلے دن کھیلے گئے میچز میں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا جبکہ سیمی فائنل وفائنل 20 جنوری بروز جمعہ کو کھیلا جا ئے گا۔بعدازاں چیمپین شپ کی پوزیشن ہولڈر ٹیموں اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالی کھلاڑیوں میں پر کشش انعامات بھی تقسیم کئے جائیں گے۔











