نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی میں طلبہ  کو ٹریفک قوانین بارے آگاہی فراہم کرنے کے لئے  سٹی ٹریفک پولیس کے اشتراک سے روڈ سیفٹی سیمینار منعقد

17

فیصل آباد۔18جنوری  (اے پی پی):نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد میں بدھ کوطلبا و طالبات کو ٹریفک قوانین بارے آگاہی فراہم کرنے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس کے اشتراک سے روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقادکیا گیا جس کے مہمان خصوصی چیف ٹریفک آفیسرسٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد چوہدری محمد آصف صدیق تھے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ موٹر سائیکل چلانے والوں کیلئے ہیلمٹ پہننا اتنا ہی ضروری ہے جتنا انسان کیلئے آکسیجن اور سانس لینا۔انہوں نے کہاکہ ان کی بات چیت طلبا و طالبات کو بورنگ محسوس ہو رہی ہو گی لیکن یہ گفتگو آ پ کی زندگی کو بچانے کیلئے انتہائی ضروری ہے بالکل اسی طرح جتنی آپ کی زندگی ضروری ہے اتنے ہی روڈ سیفٹی کے قوانین پر عمل بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ سائیڈ مرر ہونا بہت ضروری ہیں لیکن بعض لوگ فیشن کی وجہ سے سائیڈ مررز اتار دیتے ہیں جس کی وجہ سے پیچھے سے آنے والی ٹریفک کے متعلق بندہ بالکل بلائنڈ ہو جاتا ہے لہٰذا اس طرح اگر وہ پیچھے مڑ کر دیکھے تو آگے ٹکر کا خطرہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیشہ بائیں طرف چلیں اورروڈ ڈسپلن کا مکمل خیال رکھیں۔انہوں نے کہاکہ ٹریفک قوانین کا مطالعہ کر کے اس پر عملدر آمد کرنا ہرمحب وطن اور اصول پسند شہری کا فرض ہے تاکہ اس کی اپنی اور دوسروں کی زندگی محفو ظ رہ سکے۔انہوں نے کہاکہ ہر شہری کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہونا ضروری ہے جس کے ساتھ ساتھ روڈ مارکنگ کا خیال بھی حادثات سے بچا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کوئی بھی سگنل ریڈ لائٹ30سیکنڈ سے زیادہ دورانیے کی نہیں ہوتی اسلئے کیا آپ اپنی زندگی کی حفاظت کیلئے 30سیکنڈ انتظار نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہاکہ سڑک اور گاڑی چھوٹی چیزجبکہ انسان عظیم چیز ہے۔انہوں نے بار بار اس بات کو دہرایا کہ نوجوان ون ویلنگ سے پرہیز کریں کیونکہ یہ خود کشی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ دھند کے دنوں میں فوگ لائٹس لگوانا بھی اشدضروری ہے۔آخر میں انہوں نے ٹریفک وارڈنز طلبا اور طالبات میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے جبکہ بعدازاں ایک واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔