مشترکہ حکومتی کمیشن کے اجلاس سے  پاکستان اور روس دونوں ممالک کے درمیان  تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا، سردار ایاز صادق

27

اسلام آباد۔20جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کے روس سمیت  دنیا کے تمام ملکوں سے اچھے تعلقات ہیں، مشترکہ حکومتی کمیشن کے اجلاس سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا،جولائی میں پاکستان میں آنیوالے سیلاب  سے بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے اور معیشت کو نقصان پہنچا،ان حالات میں قرضوں کی ادائیگی موخر کرنے پر شکرگزار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاک روس بین الحکومتی  کمیشن کے آ خری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم روس کے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہیں جو پاکستان آئے ہیں ،ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کی میزبانی کررہے ہیں ،عالمی سطح پر معاشی ابتری اور کساد بازاری سے پاکستان بھی متاثر ہواپاکستان کے دنیا کے تمام ملکوں سے اچھے تعلقات ہیں،جولائی میں پاکستان کو سیلاب کی آفات کا سامان کرنا پڑا،بڑی  تعداد میں لوگ متاثر ہوئے اور معیشت کو نقصان پہنچا،ان حالات میں قرضوں کی ادائیگی موخر کرنے پر شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس میں باہمی دلچسپی کے امور ریل فوڈ سیکیورٹی ،تیل وگیس  قدرتی وسائل اور دیگر شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا،توانائی کے شعبے میں تعاون پر نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، مذاکرات کے نتیجے میں کئی معاہدے ہونے جارہے ہیں۔وزیر مملکت  ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ توانائی حکمت عملی،انرجی سیکورٹی اور پائیدار توانائی کے وسائل کے حوالے سے روس عالمی سطح پر اہم شراکت دار ہے،تیل وگیس کی تلاش اور اس جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر روس سے بات چیت اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ تیل وگیس کی تلاش کے منصوبوں پر کام سے ان کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی،جیو پولیٹیکل حقائق کا تمام ملکوں اور خطوں کو سامنا ہے،روس اور وسط ایشیائی ریاستوں سے تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔