ملتان؛ شاہراہوں کو “ڈسٹ فری” بنانے  کی مہم  کا آغاز

27

ملتان 04 جنوری(اے پی پی ): ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے شہر اولیاء کی شاہراہوں کو “ڈسٹ فری” بنانے  کے لئے

سی ای او شکیل احمد بھٹی کی ہدایت پر سڑکوں کی پانی سے دھلائی کے لئے واشنگ آپرشن شروع کردیا گیا ہے۔ٹریفک مسائل کے پیش نظر واشنگ سرگرمیوں کے لئے نصف شب کا انتخاب کیا گیا ہے۔

گزشتہ شب شمس آباد چوک، چونگی نمبر اور فلائی اوور کی واشنگ کی گئی اور اسے  مٹی اور گرد سے پاک کردیا گیا۔پہلے مرحلے میں مٹی اٹھانے کے لئے سڑکوں کی سکریپنگ کی گئی اور دوسرے مرحلے میں مکینیکل سوئیپنگ اور واٹر باوزر سے واشنگ کی گئی۔

چونگی نمبر9، کچہری فلائی اوور، پل موج دریا سے ہائیکورٹ چوک تک اور کچہری چوک سے ایم ڈی اے چوک تک سڑکوں کی دھلائی کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے جبکہ مرحلہ وار شہر کی تمام شاہراہوں کی واشنگ کی جائے گی اور انہیں دھول مٹی سے پاک کرکے ڈسٹ فری بنایا جائے گا۔