موجودہ دور میں ترقی کیلئے بچوں کو ہر فن میں ماہر کرنا ہوگا؛ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی

41

ہری پور،7جنوری  (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ موجودہ دور میں ترقی کرنی ہے تو بچوں کو ہر فن میں ماہر کرنا ہوگا،ہم نے نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنرمند بھی بنانا ہے،ہمارے دور کی تعلیم اور عصر حاضر کی تعلیمی نظام میں زمین آسمان کا فرق ہے ،  پاک آسٹریا یونیورسٹی، ہری پور یونیورسٹی اور دیگر جامعات کی خدمات کا دل سے معترف ہوں،جامعات اور بالخصوص پاک آسٹریا یونیورسٹی، ہری پور یونیورسٹی کو جو بھی مشکلات ہیں میں وہ دور کرنے کے لیے پر عزم ہوں۔

ہفتہ کو پاک آسٹریا    فخشولے انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی اوریونیورسٹی آف ہری پورکے دورے کے موقع پر انہوں  نے کہاکہ پر فضا مقام پر جامعہ یقینی طور پر انسانی وجود کے لیے بھی ایک تحفے سے کم نہیں۔

 اس موقع پرپاک آسٹریا فخشولے انسٹیٹیوٹ آف   اپلائیڈسائنسزکے ریکٹر ڈاکٹر محمد مجاہد اور ہری پور یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شفیق الرحمان نے گورنر کو اپنی اپنی یونیورسٹیوں سے متعلق تفصیلی بریفننگ دی اوریونیورسٹی میں گورنر خیبرپختونخوا کو مختلف لیب اور جدید کلاس رومز کا دورہ کرایا گیا۔

بعدازاں گورنرحاجی غلام علی نے مسلم لیگ (ن)کے سابق رکن قومی اسمبلی بابرنوازخان کی دعوت پرکھلابٹ کادورہ کیااس موقع پرمسلم لیگ (ن)کے سینیٹرپیرصابرشاہ اوردیگرلیگی قائدین اورپی پی پی کے ضلعی عہدیداران ،وکلاء ،صحافتی تنظیموں کے نمائندوں اورسرکاری افسران کی کثیرتعدادموجودتھی ،گورنرخیبرپختونخوا کاکہناتھاکہ ہری پورمیراگھرہے اوریہاں کے تاجروں اورسیاسی قائدین کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں ۔

مسلم لیگ (ن)کے سینیٹرپیرصابرشاہ نے گورنرخیبرپختونخواکاہری پورآمدپرشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ اُنھیں اُمید ہے کہ وہ صوبے کی ترقی میں فعال کرداراداکریں گے ۔

گورنرخیبرپختونخوانے حطارانڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن ہری پورکے دفترکابھی دورہ کیاجہاں اُنھوں نے صنعت کاروں کے وفد سے ملاقات کی اوراُنکودرپیش مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔