نوشہرہ ورکاں،19جنوری ( اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سائرہ عمر کے زیر صدارت سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز کی ایک نئی اور تین جاری سالانہ ترقیاتی پروگرام 2022-23 کی سکیموں کی پیش رفت بارے جائزہ اجلاس ہوا۔ڈپٹی کمشنر نے سپورٹس حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ جاری اسکیموں کو مقررہ مدت تک ہر صورت مکمل کیا جائے اور جاری فنڈز شفافیت سے خرچ کیے جائیں۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ذیشان انور اعوان نے بتایا کہ 3 جاری اسکیموں نگار چوک سٹیڈیم کی تعمیر، منی سپورٹس کمپلیکس و گراؤنڈ سادھوکی، ریسلنگ ارینا شیخوپورہ روڈ کی تعمیر کا کام تیزی سےجاری ہے۔
نوشہرہ ورکاں کی اسکیم گزشتہ ہفتے ڈپٹی کمشنر نے دورہ کیا تھا اور اسے فوری مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی جو کہ ہدایات کے مطابق محکمہ بلڈنگ نے مکمل کرتے ہوئے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے سپرد کر دی ہے۔
شیخوپورہ روڈ پر ریسلنگ ارینا پر کام جاری ہے جس پر جاری فنڈز کا 40 فیصد فنڈز خرچ کیاجاچکا ہے اس اسکیم کی لاگت 15 کڑوڑ روپے ہے۔ نگار چوک اسٹیڈیم کی اسکیم کی لاگت 19 کڑوڑ ہے اور تمام فنڈز موصول ہو چکے ہیں اور اس پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسکیم 31 مارچ تک مکمل کی جائے اس کے علاوہ سادھوکی میں منی اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا کام بھی جاری ہے اور اس اسکیم کی لاگت 3 کروڑ روپے ہے اور اس سکیم کے بھی تمام فنڈز موصول ہو چکے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے کہا کہ اسپورٹس اسکیمیں جن میں نگار چوک اسٹیڈیم گوجرانوالہ اور منی اسپورٹس کمپلیکس سادھوکی کو 31 مارچ تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ جلد خود ان اسکیموں کا دورہ کریں گی۔











