وزیراعلی پنجاب نے جناح ہسپتال کی نئی ایمرجنسی  اور ٹراما سنٹرکے تعمیراتی کاموں کا افتتاح کر دیا

24

لاہور,11جنوری  (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے جناح ہسپتال کی نئی ایمرجنسی و ٹراما سنٹرکے تعمیراتی کاموں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا -وزیر اعلی نے کمپیوٹرکا بٹن دبا کر تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا – چودھری پرویز الہی نے کہا کہ 8ارب65کروڑ روپے کی لاگت سے جناح ہسپتال میں نیا ایمرجنسی بلاک اورٹراما سینٹر بنایا جائے گا۔ایمرجنسی اورٹراما سینٹر کی7منزلہ عمارت 256بیڈز پر مشتمل ہوگی۔ ایکسیڈنٹ اور دیگر ایمرجنسیز کیلئے بیڈز مختص کرنے کے علاوہ کارڈیک ایمرجنسی کیلئے 24بیڈز،سرجیکل اورالائیڈ ایمرجنسی کیلئے 48 بیڈز مختص ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ جناح ہسپتال میں مریضوں کے رش کے پیش نظرٹراما سینٹر اورنئی ایمرجنسی کاقیام ضروری تھا۔ نئی ایمرجنسی میں ڈائیگناسٹک سروسز بھی مہیا کی جائیں گی جن میں کیتھ لیب، پتھالوجی،ریڈیالوجی،فارمیسی بھی موجود ہو گی۔چودھری پرویز الہی نے کہا کہ مریضوں اورلواحقین کی سہولت کیلئے لفٹ، ریمپ،ویل چیئر،سٹریچراوردیگرسہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ایمرجنسی بلاک و ٹراما سینٹر منصوبہ کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گااورایمرجنسی میں تمام ادویات مفت فراہم کی جائیں گی۔انہوں  نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد اور ان کی ٹیم صو بے کے عوام کو ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کے لئے شبانہ روز محنت کر رہی ہیں -اس موقع پر صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئرو میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹریاسمین راشد اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن احمد جاوید قاضی نے وزیراعلی کو نئے ایمرجنسی بلاک اور ٹراما سنٹر کے حوالے سے بریفنگ دی -صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزرا محسن لغاری، لطیف نذر، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی محمد خان بھٹی، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن احمد جاوید قاضی، سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل، چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب،ڈی جی پروٹو کول پنجاب عنصر نذیر، ڈی جی پی آر رائو پرویز اختر، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج، ایم ایس جناح ہسپتال، چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ علامہ اقبال میڈیکل کالج، ممبر بورڈ آف مینجمنٹ بیرسٹر صاحبزادہ مظفر، پروفیسر مسعود راشد اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔