وزیراعلی پنجاب نے  پہلی خاتم النبین  یونیورسٹی کا افتتاح اورجامع مسجد خاتم النبین  کا سنگ بنیاد رکھ دیا

21

لاہور۔15جنوری  (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے اتوار کے روز لاہور میں پاکستان کی پہلی خاتم النبین  یونیورسٹی کا افتتاح کیااورجامع مسجد خاتم النبین  کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔پرویزالہی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کی خاص کرم نوازی کے باعث دین کی خدمت کا کام کیا ہے،چار ماہ میں چار سال کا کام کردکھایا،ہر شعبے میں تبدیلی نظر آرہی ہے،نئے ضلع اورڈویژن بننے سے عام آدمی بہت خوش ہےجہاں نئے ڈویژن، ضلع اورتحصیلیں بنی ہیں الیکشن نہیں ہاریں گے۔انہوں نے کہا کہ تلہ گنگ ضلع کو راولپنڈی کیساتھ ہی رکھا گیا ہے،میانوالی کے ساتھ شامل نہیں کیا۔1122ریسکیوسروس کو چھوٹی چھوٹی گلیوں تک پہنچا دیا،جب موقع ملا تو ریسکیو1122کی سروس دیہات تک شروع کریں گے،سندھ نے ریسکیو1122کے نام سے ہی ایمرجنسی سروس شروع کی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں بلیو لائن ٹرانسپورٹ سسٹم سے عا م آدمی کو فائدہ ہوگا،لاہور میں عوام کے لئے ہائبرڈ بسیں جلد نظر آئیں گی، انارکلی سمیت اورنج کے بڑے سٹیشن پر پارکنگ پلازے اورشاپنگ مال بنائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ کینسر اورامراض قلب کا علاج اب یہاں ہوگا،انڈیا جانے کی ضرورت نہیں ہوگی،سپیکرکے طورپر عوام کی فلاح وبہبود کے بہت سے ایکٹ اورقوانین پاس کرائے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے دریائے چناب پر 300میگاواٹ کے چھوٹے ڈیم بنائیں گے،کیفلیورنیا کے سسٹرسٹیٹ بننے سے پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ ملے گا۔روضہ رسول پر ختم نبوت کے حوالے سے دین کی خدمت کرنے کا عہد کیا اوراسے نبھایا۔گندم نکال کر مارکیٹ میں لانے سے آٹے کی قیمت تیزی سے نیچے آرہی ہے۔نئی نسل کو قرآن اورسیرت نبوی  کی تعلیمات سے روشناس کرانے کی کاوشیں کررہے ہیں۔ناظرہ اورترجمہ قرآن مجید پڑھے بغیر کوئی طالب علم ڈاکٹر یا انجینئرنہیں بن سکے گا۔ نجی سطح پر سود لینے پر 10سال کی سزا کا قانون پاس کرایا۔انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت  کا حلف نامہ نکاح نامے میں شامل کرانے سے دھوکہ دہی کے واقعات کاسدباب ہوا۔خاتم النبین  یونیورسٹی کا آج افتتاح کیا،باقاعدہ کام جلد شروع ہوگا۔خاتم النبین  یونیورسٹی میں مسجد اورہوسٹل بھی بنائیں گے۔وزیراعلی چودھری پرویزالہی کو اس موقع پر خاتم النبین یونیورسٹی اور مسجد خاتم النبین کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔حافظ عمار یاسر،راسخ الہی،مولانا حنیف جالندھری،صاحبزادہ حامد رضا، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبدالخبیر آزاد، خطیب داتا دربار مسجدمفتی محمد رمضان سیالوی،سابق صدر بینک آف پنجاب ہمیش خان،سیکرٹری ہائوسنگ آصف بلال لودھی،کمشنرعامر جان،ڈی جی پی آر راوپرویزاختر،سیکرٹری اوقاف میاں ابرار،ڈی جی اوقاف اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔