ویمن یونیورسٹی میں ملٹی پرپز ہال کی تعمیر مکمل، گورنر نے افتتاح کیا

4

ملتان،31 جنوری(اے پی پی): ویمن یونیورسٹی ملتان کے متی تل کیمپس میں تین کروڑ74لاکھ روپے کی لاگت سے ملٹی پرپز ہال کی تعمیر مکمل ہوگئی جس کا افتتاح گورنرپنجاب بلیغ الرحمان نے کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی ، رجسٹرار اور کنٹرولر امتحانات بھی موجودتھیں ، پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر اسد  بھٹہ نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ  ملٹی  پرپز ہال  ویمن یونیورسٹی اسٹیبلشمنٹ پی سی ون کا حصہ ہے جس پر تین کروڑ74لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں اس ہال کو انٹرنیشنل سٹینڈر کے مطابق بنایاگیا ہے اس کی بلندی اور سیٹنگ ایریا  کو عالمی معیار کے مطابق رکھا گیا ہے اس ہال میں انڈرو سپورٹس کے مقابلے ہوا کریں گے جن میں والی بال ،بیڈمنٹن، باسکٹ بال ،ٹیبل ٹینس  شامل ہیں 14ہزارسکوائر فٹ پر تعمیر ہونے والے ملٹی پرپزہال  میں دو سو افراد کے بیٹھنے کی گنجائش  رکھی گئی ہے  اس طرح یہ ہال ویمن یونیورسٹی کی طالبات کو تفریح فراہم کرنے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے  جو وائس چانسلر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کے ویژن کے مطابق تعمیر کیاگیا ہے۔

 گورنر بلیغ الرحمان نے مقررہ مدت میں ہال کی تعمیر پر پی ڈی ونگ ویمن یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیاں بہت ضروری ہے ویمن یونیورسٹی اپنی طالبات کو یہ سہولیات فراہم کررہی ہے جو خوش آئند ہے ۔گورنرپنجاب نے یونیورسٹی میں جارہی دیگر منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا جس میں  فارمیسی ڈیجیٹل ہب ,کامرس کمپیوٹر سائنس کی نئے بلاک تعمیر کئے جائیں گے۔