پاک روس بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، مواصلات سمیت متعدد شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق، کسٹم امور، شہری ہوا بازی اور کسٹم پروٹوکول کے شعبوں  میں تعاون کے   معاہدوں پر دستخط

13

اسلام آباد۔20جنوری  (اے پی پی):پاکستان اور روس نے  تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، مواصلات، ٹرانسپورٹ، ہائیر ایجوکیشن، انڈسٹری، ریلویز، مالیات، بینکنگ، کسٹمز، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا  ہے،دونوں ممالک نے کسٹم امور، شہری ہوا بازی اور کسٹم پروٹوکول کے شعبہ جات میں تعاون کے تین  معاہدوں پر دستخط  بھی کئے ہیں ۔جمعہ کو یہاں تجارت، معیشت، سائنس اور تیکنیکی شعبہ میں تعاون کیلئے قائم پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے تین روزہ اجلاس کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے مشترکہ کمیشن کا تین روزہ اجلاس 18 سے 20 جنوری 2023ء کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ مذاکرات میں روسی وفد کی قیادت وزیر توانائی نیکولائی شلگینوف جبکہ پاکستان کی قیادت وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کی۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے سینئر اہلکاروں بشمول وزرا  و سینئر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کی رہنمائی میں فریقین نے ایک مضبوط اور جامع اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقوں کا یہ موقف تھا کہ پاکستان اور روس کے درمیان اس طرح کے تعلقات کے نتیجہ میں دونوں ممالک کے عوام اور خطے کو فائدہ پہنچے گا۔ مشترکہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ پاک روس بین الحکومت کمیشن کے ساتویں اجلاس کی گفتگو اور فیصلوں کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے شعبوں کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، مواصلات، ٹرانسپورٹ، ہائیر ایجوکیشن، انڈسٹری، ریلویز، مالیات، بینکنگ، کسٹمز، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا اور اس ضمن میں مندرجہ بالا شعبہ جات میں مثبت امکانات اور قابل عمل منصوبوں پر غور کیا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتیں اور محکمے مشترکہ خوشحالی کے وژن کے تحت روابط کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ فریقین نے توانائی کے شعبہ میں تعاون کو بڑھانے، توانائی کی تجارت کے فروغ اور توانائی کے بنیادی ڈھانچہ کو وسیع کرنے کے اقدامات سے بھی اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے اس ضمن میں ایک جامع منصوبہ برائے توانائی تعاون پر کام کرنے سے بھی اتفاق کیا جو رواں سال مکمل کیا جائے گا، اس میں مستقبل میں توانائی کے شعبے میں تعاون خدوخال طے کئے جائیں گے۔ فریقین نے پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن پراجیکٹ سے بھی اتفاق کیا اور اسے پائیدار گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے ضمن میں ایک جامع بنیادی ڈھانچہ کیلئے موزوں قرار دیا۔ مذاکرات میں روس کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون کی دعوت دی گئی۔ روسی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت بھی دی گئی۔ فریقین نے اشیاء کی پیداوار کے مقام کے سرٹیفیکیٹ اور الیکٹرانک ویریفیکیشن سے متعلق باقی ماندہ مسائل کو مئی 2023ء تک حل کرنے سے بھی اتفاق کیا