صنعتی شعبے کی ترقی ملکی معیشت کی ترقی ہے۔ غلام علی

13

پشاور 20 جنوری(اے پی پی): گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ صنعتی شعبے کی ترقی ملکی معیشت کی ترقی ہے، صنعتی شعبے کو توانائی، گیس سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے موثرکردار ادا کروں گا،پشاورسمیت ملک بھر کی انڈسٹری اور صنعتکاروں کی ملکی ترقی میں خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، صنعتوں اور صنعتکاروں کی بدولت ملک میں روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کا پہیہ بھی چل رہا ہے، صنعتکاروں کو مالی اور پیداواری معاملات میں مستحکم دیکھنا چاہتا ہوں جس کیلئے صوبائی اور وفاق سطح پر اپنا تمام تر کردار ادا کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد کے خصوصی دورہ کے دوران انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن پشاورکے عہدیداروں، صنعتکاروں، فیکٹری مالکان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن پشاور کیجانب سے انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آبادمیں منعقدہ تقریب میں میئر پشاور حاجی زبیر علی بھی موجود تھے، اس موقع پر انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن پشاور کیجانب سے گورنرکے اعزاز میں خصوصی ظہرانہ بھی دیاگیا۔تقریب میں انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر ملک عمران الحق، سینئر نائب صدر ایوب زکوڑی، نائب صدر غلام محی الدین، ایگز یکٹیو ممبران سابق ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور، صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری محمد اسحاق، سابق صدور فضل الہی، ملک نیاز احمد، زرک خان،  سرحد چیمبر کے سابق صدور زاہد اللہ شنواری، فیض محمد فیضی، حسنین خورشید، شیر باز بلور، سمیت صنعتکار، فیکٹری مالکان بھی موجود تھے۔ تقریب میں صنعتکاروں نے در پیش مسائل سے گورنر کو تفصیل سے آگاہ کیا جس میں بجلی، گیس کی عدم دستیابی فکسڈ بلنگ چارجز، بجلی کے بلوں میں کوارٹرٹیرف ایڈ جسٹمنٹ اور لیٹر آف کریڈٹ (LCS) نہ کھولنے کے مسائل سرفہرست تھے۔ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے صنعتوں کودرپیش مسائل کے حل کیلئے گورنر کو قیادت اور بھرپور کردار ادا کرنے کی درخواست کی جس پر گورنرخیبرپختونخوا نے اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ وہ خیبر پختونخوا بالخصوص پشاور کے صنعتکاروں کے مسائل و معاملات کو وفاق کی سطح پر بھر پور انداز میں اٹھائیں گے۔