پاک یو کے ٹریڈ کے لیے کوشاں ہیں، چئیرمین انٹرنیشنل بزنس اینڈ پروفیشنل کارپوریشن

21

سیالکوٹ،19جنوری  (اے پی پی):انٹرنیشنل بزنس اینڈ پروفیشنل کارپوریشن (آئی بی پی سی )کے چیئرمین چوہدری رضوان سلہریا نے اپنی ٹیم کے ہمراہ  پاکستان سپورٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایس جی ایم ای اے) کا دورہ کیا۔اپنے اس دورے کے دوران انہوں نے سیالکوٹ کے برآمد کنندگان سے  خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ہم پاک یو کے ٹریڈ کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں اور  مقامی بزنس کمیونٹی کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں،  ہماری کوشش ہے کہ پاکستان اور بالخصوص سیالکوٹ میں کاروبار  کو کیسے بڑھایا جا ئے اور اس کے لیے کیا کیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں ، پاکستان میں ریونیو کو کیسے بڑحایا جا سکتا ہے، ان سب کے لیے متحرک ہیں اور سیالکوٹ میں موجود چھوٹی چھوٹی کمپنیوں کو بڑی کمپنیوں تک رسائی کے لیے کام کر رہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ہم  ایمازون کے اکائونٹ سے لے کر لاجسٹک، کمپنی فارمیشن سمیت ٹیکسیشن میں بھی سپورٹ فراہم کر رہے ہیں، ہم پراڈکٹ رینکنگ کے لیے بھی اور ایمازون ایڈورٹائزنگ کی خدمات بھی فراہم کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ برطانیہ میں اپنی مصنوعات کی فروخت کے لیے وئیر ہائوسز ضروری ہیں جبکہ برینڈ امیجز کے لیے بھی وئیر ہائوسز ہونا لازمی ہیں ان سب معاملات میں بھی ہم  بہترین خدمات فراہم کر رہے ہیں جس کا مقصد پاکستانی تجارت کا فروغ ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہم نیو انٹرپرینیورز کو انکی مصنوعات ایمازون پر کیسے سیل کرنی ہیں اس بارے بھی خدمات فراہم کرنے کو تیار ہیں ۔پاکستان سپورٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایس جی ایم ای اے)کے چئیرمین ارشد لطیف بٹ نے   انٹرنیشنل بزنس اینڈ پروفیشنل کارپوریشن کے چیئرمین چوہدری رضوان سلہریا اور انکی ٹیم کا پی ایس جی ایم ای اےآمد پر شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں انکے ساتھ رابطے میں رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر  سیالکوٹ کی تاجر برادری کی کثیر تعداد موجود تھی جنہوں نے انٹرنیشنل بزنس اینڈ پروفیشنل کارپوریشن (آئی بی پی سی ) کے وفد کا سیالکوٹ آمد پر شکریہ ادا کیا اور انکی کاوشوں کو سراہا۔