پشاور؛جمرود تختہ بیگ چوکی حملے میں شہید کانسٹیبلز کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

23

پشاور، 20جنوری(اے پی پی): جمرود تختہ بیگ چوکی حملے میں شہید کانسٹیبلز منظور شاہ اور یونس خان کی نماز جنازہ پولیس لائنز خیبر میں پورے سرکاری اعزاز کیساتھ ادا کردی گئی۔افسران نے شہید کی جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

سی سی پی محمد اعجاز خان، ڈی پی او عمران خان نے شہید کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہدا کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور شہدا کے لواحقین پر واضح کیا کہ شہید اہلکاروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے ورثاء کو یقین دلایا کہ واقعہ میں ملوث افراد کو عنقریب منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے بہادری سے دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کرتے ہوئے مقابلہ کیا اور خودکش حملہ آور کو مار گرایا اور مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوۓ شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوگئے۔

 سیکٹر کمانڈر منصور عباسی، سیشن جج ہدایت اللہ، ایس پی انویسٹیگیشن خیبر اسلم نواز، سابقہ پارلیمنٹرینز اور دیگر پولیس افسران سمیت شہید اہلکاروں کے ورثاء اور علاقہ معززین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔