جلالپورپیروالا،03جنوری (اے پی پی ): ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر جمشید اختر نے کہا ہے کہ پولٹری فارمز اور پولٹری و مویشیوں کی خوراک کی تیاری و فروخت کرنے والے تجدیدِ لائسنس برائے سال 2023 کروائیں ۔
یہ بات ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر جمشید اختر نے جلالپور پیر والہ میں قائم نجی پولٹری فارمز، فیڈ مل اور کھل ونڈا شاپس کے دورے کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ جانوروں اور پولٹری کی خوراک کی تیاری و فروخت کے لیے پنجاب اینیملز فیڈ سٹف اینڈ کمپاونڈ فیڈ ایکٹ 2016جبکہ پولٹری فارمز کا کاروبار کرنے والوں کے لیے پنجاب پولٹری پروڈکشن ایکٹ 2016 نافذ العمل ہے۔اس سلسلے میں جانوروں اور پولٹری کی خوراک کی تیاری و فروخت کرنے والوں اور پولٹری فارمز کا کاروبار کرنے والوں کو جاری کردہ لائسنس کی معیاد 31 دسمبر 2022 کو ختم ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ متعلقہ قوانین کے مطابق بغیر لائسنس کے پولٹری فارم چلانا اور خوراک کی تیاری و فروخت جُرم ہے، جس پر قید اور بھاری جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے اس لیےپولٹری و مویشیوں کی خوراک کی تیاری و فروخت اور پولٹری فارمز والے فوراً تجدیدِ لائسنس برائے سال 2023 کروائیں۔ماہ جنوری 2023 میں تجدید لائسنس کروانے کا فائدہ یہ ہو گا کہ نصف فیس ادا کرنا ہوگی۔











