جگ مگ فیصل آباد پروگرام کا آغاز، تمام ادارے مل کر شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کریں گے

21

فیصل آباد،22فروری (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام جگ مگ فیصل آباد پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی عنان قمر نے سوساں روڈ کے شروع سے جگ مگ فیصل آباد پروگرام کاافتتاح کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جگ مگ فیصل آباد پروگرام کے تحت تمام ادارے مل جل کر شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کریں گے اور ماحول کو صاف بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں سے شہر کو صاف ستھرا کرنے میں تعاون کی پر زور اپیل کی جاتی ہے۔

ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے کہاکہ اس پروگرام کے تحت واسا میونسپل کارپوریشن فیصل آباد،پی ایچ اے،ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی، ٹی ایم اے سمیت تمام متعلقہ ادارے مل جل کر اپنی تمام سروسز اکٹھی ہی فراہم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ سوساں روڈ سے ہم نے اس پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس کے بعد جڑانوالہ روڈ،سرگودھا روڈ سمیت فیصل آباد کی تمام بڑی شاہراہوں پر اس پروگرام کا آغاز ہو گا جس کے تحت سڑکوں کی صفائی،گرین بیلٹس کی صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ گرین بیلٹس میں پودے لگائے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مہم کے دوران شاہراہوں سے غیر ضروری بینرز ہٹا دیئے جائیں گے، کہیں کوئی لائٹ خراب ہے تو اس کو درست کیا جائے گا،جہاں لائٹس نہیں ہیں وہاں لگائی جائیں گی،تمام بلب جلے ہوں گے جبکہ جہاں نالیاں گٹر یا متعلقہ گلیاں ٹوٹی ہوئی اور خراب ہیں ان کو بھی صاف ستھرا اور درست کیا جائے گا۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جب مگ فیصل آباد پروگرام کے زیر انتظام ہم فیصل آباد کو صاف ستھرا اور روشنیوں کا شہر بنانا چاہتے ہیں۔اس کے بعد آٹھوں بازاروں میں اس پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ 4سے 11 مارچ تک جشن بہاراں منایا جائے گا جس سے پہلے پہلے ہم بڑی شاہراہوں پر اس پروگرام کو مکمل کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا  ٹارگٹ ہے کہ ایک ماہ میں پورے فیصل آباد میں اس پروگرام کو مکمل کر دیا جائے لیکن جگ  مگ فیصل آباد کا پروگرام مسلسل جاری رہے گا۔ اس میں کبھی رکاوٹ نہیں آئے گی۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ٹی ایم اے میں ملازمین کی حاضری چیک کی جا رہی ہے۔گوسٹ سٹاف کو نکال دیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم 2ہفتوں کے اندر اندر بڑی۔شاہراہوں پر کام کر کے شہر کا چہرا روشن اور صاف ستھرا کرنا چاہتے ہیں۔