ملتان،24 فروری (اے پی پی ):شہر اولیاءکی تاجر تنظیموں نے ایک سیاسی جماعت کی جانب سے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی افواہوں کی تردید کردی ہے،تمام تاجروں کی نمائندہ تنظیم چیمبر آف سمال ٹریڈرز اور انجمن تاجران نے کاروبار کھلے رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار تاجر تنظیموں کے عہدیداران نے ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر سے ملاقات میں کیا۔ انجمن تاجران کے وفود نے ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر سے ملاقات میں بھرپور تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ تاجر برادری کی مارکیٹوں کو کھلا رکھنے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔تاجر برادری کو کاروبار کیلئے پرامن ماحول فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی کے مخصوص ایجنڈے کی خاطر امن و امان خراب نہیں ہونے دینگے،پی ایس ایل کے دوران تاجر برادری کے بھرپور تعاون پر شکر گزار ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تاجر برادری کے تحفظات دور کرنے کیلئے بھرپور کوآرڈینیشن ہے۔ملاقات میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عابدہ فرید اور ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن محمد سرفراز بھی شریک تھے۔











