ملتان، 10 فروری (اے پی پی):ملک گیر ہاکی ٹرائلز کے سلسلے میں پاکستان کے نامور اولمپئنز کی ملتان آمد،نئے باصلاحیت کھلاڑی تلاش کرکے مفت قیام و طعام، تعلیم اور نامور کھلاڑیوں کی زیر نگرانی تربیت دی جائے گی۔
اس حوالے سے کرنل عمر صابر نے آسٹروٹرف ہاکی سٹیڈیم ملتان میں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی میں اولمپئن منظور سینئر، اولمپئن سعید خان ، سابق قومی کپتان اولمپئن محمد عثمان شامل ہیں جبکہ ملتان میں ٹرائلز کے میزبان حامد چوہدری کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک آرمی اور ڈی ایچ اے لاہور نے قومی کھیل کا سنہری دور واپس لانے کا بیڑا اٹھا لیا ہے۔
اس موقع پر اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایچ اے لاہور کے ڈائریکٹرسپورٹس کرنل عمر صابر نے بتایا کہ پاکستان بھر سے مرحلہ وار ٹرائلز کے ذریعے باصلاحیت کھلاڑی تلاش کرکے انہیں لاہور میں تربیت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے منتخب کیے جانیوالے 25 نوجوان عمر کے گروپ کھلاڑیوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت کے ساتھ مفت قیام و طعام فراہم کی جائے گی اور ہاکی کھیلنے کے ساتھ ساتھ زیر تربیت کھلاڑیوں کا تعلیمی سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
ملتان میں ٹرائلز کے میزبان سابق صدر ملتان ہاکی حامد چوہدری نے کہا کہ ان کیلئے باعث فخر ہے کہ وہ بھی پاک آرمی اور ڈی ایچ اے لاہور کے ہاکی پروموشن پراجیکٹ کا حصہ بنے ہیں، ان کی رضاکارانہ خدمات ہمیشہ حاضر ہیں۔











