پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ بلوچستان پولیس کے اعزازی ڈی ایس پی اور خیر سگالی سفیر مقرر

8

کوئٹہ،4فروری(اے پی پی):بلوچستان پولیس نے اسٹار فاسٹ باولرنسیم شاہ کو اعزازی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کے عہدے کے ساتھ اپنا خیر سگالی کا سفیرمقر ر کر دیاہے ۔

ہفتے کو سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں ایک  تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کرکٹرنسیم شاہ کواعزازی ڈی ایس پی کے رینک لگا ئے۔ تقریب میں پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران سمیت سینئر صحافیوں اور پولیس شہدا ءکے خاندانوں نے شرکت کی۔

 آئی جی پولیس بلوچستان نے نسیم شاہ کی خیر سگالی سفیر کے طور پر تقرری کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے ملک کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کیا، نوجوانوں کو اُ ن کی تکلید کر تے ہوئے معاشرے کا کارآمد شہر ی بننا ہو گا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نسیم شاہ پولیس فورس کے امیج کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے ۔

آئی جی پولیس نے کہا کہ صوبے کے نواجوانوں میں قابلیت کی کوئی کمی نہیں بلکہ مواقعوں کی کمی ہے ، اگر انہیں موقع دیا جائے تو ملک کے دیگر صوبوں کے نوجوانوں سے کسی طرح کم نہیں ۔  فورس کمانڈر نے اس امر کا اظہار کیا کہ بلوچستان پولیس محدود وسائل کے باوجود مختلف حکمت عملی اپناتے ہوئے عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک مہذب معاشرے کا قیام عمل میں لانے کیلئے ہم سب کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہو گا تا کہ وطن عزیز پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔ خاص طور پرہماری نوجوان نسل نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس مشن میں ہمارا ساتھ دینا ہوگااوربلوچستان پولیس خصوصی طور پر پاکستان کرکٹ کے نوجوان کرکٹر نسیم شاہ کا شکریہ ادا کرتی ہے اور انہیں آج اپنا خیر سگالی کا سفیر مقرر کرنے پر انتہائی خوش ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس نے امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، بلوچستان پولیس کا یہ مشن ہے کہ وہ صوبے سے منشیا ت کے ناسوراور گن کلچر کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی اور اس کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی روک تھام میں بلوچستان پولیس کی قربانیا ں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔

آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس کا کام صر ف قانون پر عملدرآمد تک محدود نہیں بلکہ کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے تما م قانون پر عمل کرنے والے شہریوں کی زندگی کو آسان بنانا بھی  ہے ، بلوچستان پولیس صنفی مساوات و امتزاج پر یقین رکھتی ہے اور ہم سمجھتے ہے کہ صوبے بلکہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے معاشرہ میں خواتین کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ خواتین کو معاشرہ میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے ساتھ ساتھ محکمہ میں بھی خواتین اہلکاروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے بلوچستان پولیس کوشاں ہے۔  انہوں نے کہا کہ میں اُمید رکھتا ہوں کہ نسیم شاہ بلوچستان پولیس کی ان تمام کا وشوں کی تشیہر و ترویج کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں گے تاکہ عوام میں بلوچستان پولیس کے  سافٹ امیج کو تقویت مل سکے ۔انہوں نے یقین دلایا کہ اعزازی ڈی ایس پی نسیم شاہ کوبلوچستان پولیس کا فورم ہر وقت مہیا ہو گا اور بلوچستان پولیس اس امر کا بھی اعادہ کرتی ہے کہ نسیم شاہ اب سے بلوچستان پولیس کی فیملی کا حصہ ہیں۔

بلوچستان پولیس کے اعزازی ڈی ایس پی و خیر سگالی سفیر نسیم شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بطور سفیر بلوچستان پولیس سے منسلک ہونے پر فخر ہے اور وہ بلوچستا ن پولیس کے خیر سگالی سفیرکے طور پر بلوچستان پولیس کے سافٹ امیج اور امن و امان کے قیام کے لئے اُن کی بیش بہا قربانیوں کو نہ صرف ملکی سطح بلکہ دنیا کے ہر فورم پر مشتہر کرنے کی بھر پور کو شش کرینگے ۔

نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ وہ  اعزازی ڈی ایس پی بننا اور پولیس کی وردی پہننا فخر سمجھتے ہیں اوروہ بلوچستان پولیس کو اپنے ہر ممکن تعاون اور دستیابی کا یقین دلاتے ہیں ۔ نسیم شاہ نے کہا کہ بلوچستان پولیس کے افسران و اہلکاران  عوام کے حقیقی ہیرو ہیں ۔