سویڈن، ڈنمارک، فرانس میں قرآن مقدس کی حالیہ بے حرمتی، سانحہ پشاور خود کش دھماکہ کے خلاف احتجاجی ریلی

17

اٹک،04 فروری (اے پی پی):سویڈن، ڈنمارک، فرانس میں قرآن مقدس کی حالیہ بے حرمتی اور سانحہ پشاور خود کش دھماکہ کے خلاف حضرو میں چھچھ محافظ کمیٹی کے زیر اہتمام ماہر تعلیم محمد عارف کی زیر سرپرستی اور چیئرمین محافظ کمیٹی نثار علی خان کی زیر قیادت بھر پور احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں چھچھ محافظ کمیٹی کے عہدیداران و اراکین نزاکت خان، حاجی احسان خان، آصف اجمل اعوان، طاہر پرویز، سکھراج مسیح،حاجی شیراز، مولانا عادل، عمر فاروق،محمد ساجد، اساتذہ کرام سید فرمان شاہ، صدر انجمن تاجران حاجی ابرار حسین، عمیر علی زئی، ملک قاسم، عباس خان و طلباء سمیت سول سوسائٹی نے شرکت کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ قرآن مجید کی حرمت کیلئے ہماری جان، مال اولاد سب قربان ہے، اسلام کی بقا اور وطن عزیز پاکستان کی سلامتی کیلئے ہر پاکستانی اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔ انہوں  نے مطالبہ کیا کہ دہشتگردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں جبکہ آزادی رائے کی آڑ میں قرآن پاک اور بنی آخرالزمان حضرت محمد ﷺ کی بے حرمتی قطعاً قبول نہیں۔

مقررین  نے کہا  کہ سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں میں متفقہ طور پر قرآن مجید کی بے حرمتی اور دہشتگردی کے خلاف متفقہ قراردادیں پاس کی جائیں اور فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے۔ حکومت ان ممالک کے سفیروں کو دفتر خارجہ بلا کر امت مسلمہ خاص طور پر پاکستانی قوم کے جذبات اور غم و غصہ سے آگاہ کرنے کے بعد انہیں ملک بدر کرے، او آئی سی، سلامتی کونسل کے پلیٹ فارم پر حرمت قرآن اور ناموس رسالت بل پر عملدرآمد کیلئے اپنا فیصلہ کن کردار ادا کرے۔

 شرکاء نے اسلام اور پاکستان زندہ باد، دہشتگردی نامنظور کی نعرے بازی بھی کی، ریلی میں امن و امان کیلئے حضرو پولیس کی نفری بھی موجود تھی۔ ریلی کے اختتام پر شرکاء پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔