احمدپورشرقیہ؛ ڈپٹی کمشنرکا مفت آٹا پوائنٹس کا دورہ ، آٹا فراہمی کے امور کا جائزہ لیا

18

احمدپورشرقیہ،20 مارچ (اے پی پی ): بہاول پور حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں رمضان پیکج کے تحت مفت آٹا کی فراہمی جاری ہے۔اس سلسلہ میں ضلع بھر میں 7لاکھ 21ہزار سے زائد مستحق افرادکو مفت آٹا فراہم کیا جائے گا۔بہاول پور ضلع میں مفت آٹا کی فراہمی کے لئے  19پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں ۔

ڈپٹی کمشنر بہاولپور ظہیر انور جپہ نے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور، گورنمنٹ عباسیہ ہائیر سیکنڈر ی سکول بہاولپوراور گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج بہاولپور میں قائم مفت آٹا پوائنٹس میں جا کر آٹا کی فراہمی کے امور کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مفت آٹے کی فراہمی کے امور بہتراور شفاف انداز میں انجام دیئے جائیں، رمضان پیکج کے تحت بہاول پور ضلع میں 7لاکھ 21ہزار سے زائد گھرانوں کو 10کلوگرام آٹے کے مجموعی طور پر 21لاکھ 64ہزار سے زائد تھیلے مفت دیئے جائیں گے۔آٹے کی مفت فراہمی کے لئے بہاول پور شہر میں 5پوائنٹس، بہاول پور صدر میں 3پوائنٹس، حاصل پور میں 2پوائنٹس، خیر پور ٹامیوالی میں 1پوائنٹ، تحصیل یزمان میں 4پوائنٹس اور احمد پور شرقیہ میں 4پوائنٹس فعال ہیں۔اسی طرح ضلع بھر میں مفت آٹا کی فراہمی یوٹیلیٹی سٹورز کے 40پوائنٹس سے بھی جا ری ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ عدنان بدر، اسسٹنٹ کمشنر سٹی فضل الرحمن، سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر محمد عظیم ذیشان اور اے ایف سی لیاقت علی بھی موجود تھے۔