اوکاڑہ: گورنمنٹ گنج شکرسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس میں جشن بہاراں اور سپورٹس گالا کا انعقاد

3

اوکاڑہ،22مارچ (اے پی پی): ڈی ای اوسپیشل ایجوکیشن ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر عبدالکریم  نے کہا ہے کہ جشن بہاراں اور سپورٹس گالا کے انعقاد کا مقصد سپیشل بچوں کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو نکھارنااور معاشرے میں ان کو اعلیٰ مقام دلاناہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈی ای اوسپیشل ایجوکیشن ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر عبدالکریم نے سپورٹس گالا سے خطاب میں  کیا ۔اس موقع پرضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)شعبہ خواتین مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ سپیشل بچوں کا مختلف کھیلوں میں جوش وخروش سے حصہ لینا اور مقابلے کے بعد جیت اور ہار کو قبول کرنا یہ ثابت کرتا ہے کہ سپیشل بچوں میں برداشت اور مل جل کر کام کرنے کا جذبہ بہت زیادہ ہے، صلاحیتوں کے اعتبار سے خصوصی بچے کسی سے کم نہیں ہوتے فقط انہیں درست راہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے جس کے لئےگورنمنٹ گنج شکر سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کے اساتذہ کا انتہائی اہم رول ہے۔

سپورٹس گالا میں صدر سماجی تنظیم ’ماڈا‘ /جرنلسٹ محمد مظہر رشید چودھری نے بطور مہمانان اعزاز شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن اوکاڑہ سمیعہ بتول اور سینئرٹیچرڈاکٹر جہانزیب نے مہمانان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جشن بہاراں اورسپورٹس گالا  میں سپیشل بچوں نے مختلف کھیلوں میں حصہ لے کر ثابت کیا کہ یہ بچے بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔پروگرام کے مطابق سپیشل بچوں نے علاقائی ثقافت پر مبنی خاکے اور ملی ترانے پیش کیے۔

بعد ازاں مہمانوں نے مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔