چترال؛ڈسٹرکٹ کونسل سیکرٹری آفتاب عالم ملازمت سے سبکدوش

3

چترال ، 22 مارچ (اے پی پی ):چترال کے معروف فنکار، ستار نواز، پولو کوچ  اور ڈسٹرکٹ کونسل  کےسیکرٹری آفتاب عالم مدت ملازمت پورا کرنے پر اپنے ملازمت سے سبکدوش ہو گئے ہیں ۔ان کی ریٹائرمنٹ پر ان کے اعزاز میں ٹاؤن ہال چترال میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی ،جس میں آفتاب عالم  کی خدمات کو سراہا گیا اور ان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد عرفان تقریب کے  مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب کی صدارت انجمن ترقی کھوار کے صدر شہزادہ تنویر الملک ایڈوکیٹ نے کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آفتاب عالم کو اگر پولوکوچ ابن پولو کوچ، ستار نواز ابن ستار نواز، فن کار ابن فنکار کہا جائے تو مبالغہ آرائی نہیں ہوگی کیونکہ ان کے والد مرحوم صوبیدار محبوب عالم بھی بیک وقت پولو کوچ، فن کار، ستار نواز اور گلو کار بھی تھے،اور ان میں بھی اپنے والد مرحوم کی تمام تر صلاحیتیں منتقل ہوچکی ہیں۔

مقررین نے کہا کہ وہ ایک بہترین پولو کوچ اور ستار نواز تھے۔ انہوں نے کہا کہ آفتاب عالم وہ شخصیت ہے جنہوں نے چترالی ثقافت کو دوبئی سمیت کئی یورپی ممالک میں متعارف کرایا اور لوگوں سے داد حاصل کی۔

صدر محفل  شہزادہ تنویر الملک نے کہا کہ کھوار ادب کیلئے آفتاب عالم کی خدمات کو ہمیشہ کیلئے یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کھوار شاعری اور ادب کو اپنے ستار کی مدد سے مزید تقویت دی اور لوگ اس کے دلدادہ ہوگئے۔

مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد عرفان نے کہا کہ آفتاب عالم اب سرکاری ملازمت سے سبکدوش ہوگئے ہیں  مگر ضلعی انتظامیہ، پولو میچ یا کوئی بھی ثقافتی پروگرام ہو ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھی گی اور اب چونکہ وہ ملازمت سے فارغ ہوگئے ہیں تو بہتر انداز سے چترال کی خدمت کرسکیں گے۔

پروگرام کے آخر میں سبکدوش ہونے والے سیکرٹری ڈسٹرکٹ کونسل آفتاب عالم کو چترال کی روایتی ٹوپی بھی پیش کی گئی اور ان کے گلے میں پھولوں کے ہار ڈال کر شرکاء نے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔