اوکاڑہ یونیورسٹی میں ضلعی پولیس انتظامیہ کے اشتراک سے سیمینارز کا انعقاد

6

اوکاڑہ،29مارچ(اے پی پی ):یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں ضلعی پولیس انتظامیہ کے اشتراک سے خواتین کے تحفظ  کی آگہی اور پولیس شہداءکے بچوں کی کیرئیر کونسلنگ کے لیے سیمینارز کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد نے کی جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ کیپٹن (ر) منصور امان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

ڈی پی او نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی انتظامیہ پولیس شہداء کے بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخلے اور فیسوں کی ادائیگی میں معاونت فراہم کرنے کے ایک جامع پلان پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے وائس چانسلر کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

 خواتین کے تحفظ کے حوالے سے سیمینار کا اہتمام ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افئیرز ڈاکٹر امجد علی نے کیا۔ اس سیمینار میں اے ایس پی پولیس رینالہ خورد منزہ کرامت نے بطور مہمان اسپیکر شرکت کی۔ انہوں نے طلباء کو سائبرسیکیورٹی،سوشل میڈیا پر پرائیویسی کی خلاف ورزی اور موبائل فون خریدتے یا بیچتے وقت اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر پہ خصوصی لیکچر دیا۔ انہوں نے طالبات کو پنجاب پولیس کی جانب سے چلائی جانے والی ‘وومن سیفٹی ایپ’ کے موثر اور بروقت استعمال پہ بھی تربیت فراہم کی۔

اس موقع پر پروفیسر ساجد رشید نے اپنے خطاب میں موثر اور مفید معلومات کی فراہمی پر منزہ کرامت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس طرح کے آگہی سیمینارز کے باقاعدگی سے انعقاد کی ہدایت جاری کی۔

 کیرئیر کونسلنگ کا سیشن ڈائریکٹر کیرئیر کونسلنگ ڈاکٹر نسرین اختر کی جانب سے منعقد ہوا۔ اس میں  پروفیسر ساجد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ شروع سے ہی طلباء کو کیرئیر کے حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کریں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی انتظامیہ مختلف کمپنیوں کے تعاون سے یونیورسٹی میں جاب فیئرز کا بھی اہتمام کرے گی۔