بورے والا؛ ڈپٹی کمشنر کا مختلف آٹا تقسیم پوائنٹس کا معائنہ ، آٹا تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا

10

بورے والا، 27 مارچ (اے پی پی):تحصیل بورے والا میں رمضان پیکج کے تحت مفت آٹا کی تقسیم جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ نے بورے والا تحصیل کے مختلف آٹا تقسیم پوائنٹس کا معائنہ کیا اور آٹا تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل میں اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد مفت آٹا سکیم سے مستفید ہو چکے ہیں ضلع وہاڑی میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 4 لاکھ 60 ہزار خاندان رجسٹرڈ ہیں جنہیں مفت آٹا تقسیم کیا جا رہا ہے تاہم مزید کم آمدنی والے مستحق افراد کو بھی رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے لوگ خود بھی 8070 پر رابطہ کر کے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ نے کہا کہ ضلع وہاڑی میں 12 سینٹرز پر روزانہ 80 ہزار آٹے کے تھیلے تقسیم ہو رہے ہیں تمام سینٹرز پر شناختی کارڈ سیکننگ کاؤنٹرز کی تعداد بڑھا دی گئی ہے اسی طرح شکایت کاؤنٹر بھی قائم کئے گئے ہیں تاکہ لوگوں کی شکایات کو جلد دور کیا جا سکے فلور ملز مالکان کو پابند کیا ہے کہ صبح 8 بجے تک سینٹرز پر آٹا کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ  حکومت کی ہدایات کی روشنی میں اب عوام کی سہولت کے لیے فی خاندان دو تھیلے دیئے جا رہے ہیں تاکہ لوگوں کو با بار آٹا سینٹر آنے کی زحمت نہ ہو۔

 اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بوریوالا عبدالباسط صدیقی نے آٹا سینٹر پر آٹا تقسیم کی صورتحال سے آگاہ کیا۔