خواتین کے حقوق اسلامی حقوق ہیں ، اسلامی حقوق خواتین کے حقوق کو تقویت دیتے ہیں؛وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا اقوامِ متحدہ میں خواتین کی حیثیت سے متعلق کمیشن کے 67 ویں اجلاس سے خطاب

4

اقوام متحدہ، 09 مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق اسلامی حقوق ہیں اور اسلامی حقوق خواتین کے حقوق کو تقویت دیتے ہیں۔

وہ اقوامِ متحدہ میں خواتین کی حیثیت سے متعلق کمیشن کے 67 وایں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اجلاس میں پاکستان سمیت کئی ممالک کے وزراء نے جدت اور ٹیکنالوجی میں خواتین اور لڑکیوں کی شمولیت کو مضبوط بنانے، ڈیجیٹل صنفی تقسیم کو بند کرنے اور ڈیجیٹل تشدد سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان  نے 1988 میں کسی بھی مسلم ملک کی پہلی مسلمان خاتون کو  وزیر اعظم منتخب کیا۔ ان کی والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے 1995 میں بیجنگ میں خواتین سے متعلق چوتھی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ  تمام  مسلمان خواتین اور مردوں پر فرض ہے کہ وہ اسلامی اصولوں کی خلاف ورزیوں کا مقابلہ کریں جو مسلم معاشرے میں خواتین کے کردار کو کم کرتے ہیں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے مقصد کو آگے بڑھاتے ہیں جس کی ان کی والدہ اور دیگر بہت سے مسلم رہنماؤں نے دلیری سے حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے بلائی گئی “اسلام میں خواتین” کانفرنس بھی  اسی سمت میں ایک کوشش تھی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں،  انٹرنیٹ تک مساوی رسائی اور اس کا استعمال پائیدار اور جامع ترقی کا ایک اہم عنصر ہے۔ تاہم، ممالک کے درمیان اور ان کے اندر ڈیجیٹل تقسیم بدستور وسیع ہوتی جا رہی ہے، عالمی آبادی کا ایک تہائی اب بھی آف لائن ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے میں ٹیکنالوجی کی صلاحیت کو بروئے کار لائے۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ  ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز خواتین اور لڑکیوں کی ترقی کے لیے سب سے زیادہ امید افزا ٹولز فراہم کرتی ہیں۔ لہذا یہ ہم پر ہے کہ ہم اپنے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے میں ان ٹیکنالوجیز کی صلاحیت کو بروئے کار لائیں۔