رمضان سپیشل پیکج کے تحت ضلع اوکاڑہ میں 13 لاکھ 50 ہزار تھیلے مفت تقسیم کئے جائیں گے,ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف

1

اوکاڑہ،17مارچ )اے پی پی) :ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ رمضان سپیشل پیکج کے تحت ضلع اوکاڑہ میں 13 لاکھ 50 ہزار تھیلے مفت تقسیم کئے جائیں گے۔رمضان سپیشل پیکج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے لئے بنائے گے پوائنٹس پر آٹا لینے کے لئے آنے والوں کی سہولت اور آسانی کو سب سے مقدم رکھا جائے مفت آٹے کی فراہمی کے ہر پوائنٹ پر لوگوں کے بیٹھنے ،سایہ دار جگہ اور پانی کا انتظام کیاجائے سیکیور ٹی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ مانیٹرنگ کے لئے سی سی ٹی وی کیمر ے بھی لگائے جائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میں قائم کئے جانے والے آٹا پوائنٹس کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےکیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ اہل افراد کورمضان سپیشل پیکج کے تحت عزت وقار اور احسن انداز میں مفت آٹا کی فراہمی کو یقینی بنا نےکے لئےتمام متعلقہ محکمے اپنی ڈیوٹی کو فرض سمجھ کراداکریں مخلوق خدا کی خدمت اور رمضان المبارک کے با برکت دنوں میں اس ڈیوٹی کو ثواب سمجھ کر ادا کریں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل زاہداقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس چوہدری طاہر امین،اسسٹنٹ کمشنرز،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ بعد ازاں انہوں نے فلور ملز ایسو سی ایشن کے وفد سے بھی ملاقات کی ڈپٹی کمشنر نے فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے رمضان سپیشل پیکج میں تعاون اور معاونت کے جذبہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب کامطمع نظر لوگوں کو ریلیف دینا ہے۔انہوں نے فلور ملز ایسو سی ایشن پر زوردیا کہ وہ آٹا پوائنٹس پربر وقت آٹے کی فراہمی اور آٹے کی کوالٹی کو یقینی بنائیں اور پنجاب حکومت کی جانب سے لوگوں کے ریلیف کے لئے تاریخ کے بڑے پیکج کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اپنا کردار اداکریں۔