زراعت کے شعبےکومضبوط بنانے میں کاشتکاروں کے کردارکوفراموش نہیں کیاجاسکتا؛ وفاقی وزیر احسن اقبال

2

نارووال،17 مارچ(اے پی پی): وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی چوہدری احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے،کسی بھی ملک کی ترقی وخوشحالی کادارومدارشعبہ زراعت پرہے،زراعت کے شعبےکومضبوط بنانے میں کاشتکاروں کے کردارکوفراموش نہیں کیاجاسکتا۔

ان خیالات کا  اظہارانہوں نے   جمعہ کو یہاں  جشن بہاراں فیسٹیول 2023کےتحت نارووال پبلک سکول میں محکمہ زراعت(توسیع)نارووال کے زیراہتمام دھان کی کاشت کے جدید طریقہ ہائے کار،سٹوریج کی ماڈرن تکنیکس اور ایکسپورٹ کے حوالے سے منعقدہ رائس سیمینارسے خطاب میں کیا۔

 وفاقی وزیرنے کہاکہ شعبہ زراعت ملک کے تمام خسارے پورے کرسکتاہے،بہت جلدزراعت کواپنے پیروں پرکھڑاکریں گے تاکہ ایکسپورٹ کے زریعے زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ کمایاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ بہت جلدہم زراعت میں خودکفیل ہوں گےاس کے لئے حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے اگرہم زراعت پرتوجہ دیں توپاکستان کی زمین سونا اگل سکتی ہے۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی چوہدری احسن اقبال نے کہاکہ سائنس اورٹیکنالوجی سے زراعت کوبڑھاناہوگاتاکہ زراعت میں انقلاب آسکے، اس کے لئے نئی ٹیکنالوجی کواپناناہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کواس وقت اتحاداوریکجہتی کی سخت ضرورت ہے تاکہ ملک میں استحکام کے ساتھ ملکی پیداوارمیں اضافہ ہوسکے۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی چوہدری احسن اقبال نے کہاکہ اس وقت بچوں کوجدیدعلوم سے روشناس کرانے کی اشدضرورت ہے لہذاآج ہمیں یہ عہدکرناہوگاکہ ملک میں بڑھتے ہوئے معاشی بحران سے نپٹنے کے لیے ایک ساتھ کھڑاہوناہوگا۔انہوں نے کہا کہ  نارووال کاباسمتی چاول پورے ملک کی پہچان بن چکاہےاس کواشتراک کے ساتھ پوری دنیامیں بہترین ایکسپورٹ کرکےزرمبادلہ حاصل کیاجاسکتا۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی نے ضلع نارووال میں جشن بہاراں فیسٹیول کے شاندارانعقاد پر ڈپٹی کمشنرمحمداشرف کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ مجھے دلی خوشی ہوئی ہے کہ جشن بہاراں کاآغاززراعت سیمینارسے کیاگیاہے۔بعدازاں انہوں نے شعبہ زراعت کی طرف سے لگائے جانے والے اسٹالز کابھی معائنہ کیا۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنرچودھری محمداشرف نے سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کو ضلع نارووال میں زراعت کے حوالے سے کیے جانے والے منصوبہ جات کے بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔

 ڈپٹی کمشنرمحمداشرف،ڈائریکٹرزراعت(توسیع)جاویداقبال،ڈی ڈی زراعت تنویراحمدتتلہ،اے ڈی زراعت احسان الحق پنوں،سابق ڈی ڈی چوہدری محمدعارف،عبدالرزاق کے علاوہ سابق ممبرزپنجاب اسمبلی خواجہ محمدوسیم بٹ،بلال اکبر،رانامنان سمیت ایکسپورٹرز،کمپنی ڈیلڑز،مختلف محکموں کے افسران اورکاشتکاران کی کثیرتعدادنے بھی سیمینارمیں شرکت کی۔