سیالکوٹ،14مارچ (اے پی پی):سیالکوٹ سمیت پنجاب بھر میں کلچر ڈے منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان کی قیادت میں ڈی سی دفتر سے پیرس روڈ تک ثقافتی ریلی نکالی گئی جس میں ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر شاہد عباس ،اسسٹنٹ کمشنر غلام سرور اور سی او ہیلتھ ڈاکٹر ریحان اظہر ودیگر سرکاری افسران ،سول سوسائٹی کی شخصیات اور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،شرکا ریلی نے ثقافتی لباس اور پگڑیاں پہنی ہوئی تھیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب کلچر ڈے منانے کا مقصد اپنی ثقافتی اور علاقائی رسم و رواج کو اجاگر کرنا ہے اور آنے والی نسلو ں کو اپنی ثقافت سے روشناس کرانا ہے ، وہ قومیں کبھی ترقی نہیں کرتیں جو اپنی تہذیب و تمدن اور ثقافت کو فراموش کر دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جشن بہاراں پروگرامز میں پنجابی ثقافت اور پنجاب کلچر ریلی کے انعقاد سے پنجابی ثقافت کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجابی زبان اور پنجابی اقدار ہمارا ورثہ ہے پنجابی طرز زندگی و رسم و رواج دور جدید میں بھی قدیم ثقافت کی پیروی کرتے ہیں۔











