جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے شہر اولیاء ملتان میں شاندار “جنوبی پنجاب ادبی و ثقافتی میلہ” سجانے کا فیصلہ

3

ملتان 14مارچ (اے پی پی ):جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے شہر اولیاء ملتان میں شاندار  “جنوبی پنجاب ادبی و ثقافتی میلہ” سجانے کا فیصلہ کیا ہے۔میلے میں جنوبی پنجاب کی تہذیب،تاریخ اور ثقافت پر گفتگو کے لئے بیٹھک لگے ہوگی۔قوالی،صوفی و میوزیکل نائٹ کا اہتمام ہوگا اور مشاعرہ سجے گا۔دو روزہ ادبی و ثقافتی میلہ 17 اور18 مارچ کو منعقد ہوگا۔پروگرام کے مطابق میلے کا آغاز17 مارچ کو قلعہ کہنہ قاسم باغ میں پھولوں کی رنگ اور خوشبو بکھیرتی نمائش سے ہوگا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر پھولوں اور دستکاری  کی نمائش کا افتتاح کریں گے۔اسی روز پروفیسراسد اریب  سہہ پہر3 بجے ملتان ٹی ہاوس میں ” ملتان بازیافت” کے موضوع پر گفتگو کریں گے۔معروف گلوکارہ ثریا ملتانیکر اور راحت ملتانی کے ساتھ سہہ پہر4 بجے ملتان آرٹس کونسل میں ڈائیلاگ ہوگا جبکہ شام 6 بجے ملتان آرٹس کونسل میں مشاعرہ ہوگا۔عزیز شاہد،محمود قلندری،امان اللہ ارشد، عامر سہیل،نوازش علی ندیم،ڈاکٹر شکیل پتافی ،نسیم شاہد اور حاتم بلوچ اپنا کلام پیش کریں گے۔قوالی نائٹ رات 8.30 بجے ملتان آرٹس کونسل میں منعقد ہوگی۔18 مارچ سہہ پہر 3 بجے ڈاکٹر انوار احمد اور اصغرندیم سید ملتان ٹی ہاوس میں مہمان بنیں گے اور جنوبی پنجاب کی تہذیب، ثقافت اور تاریخ پر گفتگو کریں گے جبکہ گل نوخیز اختر کے ساتھ ملتان ٹی ہاوس میں سہہ پہر 4بجے نشست ہوگی۔کامیڈی شو سہہ پہر5 بجے ملتان آرٹس کونسل میں منعقد ہوگا۔میوزیکل اور صوفی نائٹ رات 8 بجے ملتان آرٹس کونسل میں سجے گی جس میں ظہور لوہار اپنے فن کا جادو جگائیں گے۔دو روزہ میلے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایڈیشنل سیکرٹری جنوبی پنجاب محمد فاروق ڈوگر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میلے میں ادب،فن اور ثقافت سے وابستہ جنوبی پنجاب کی شخصیات کی پذیرائی کی جائے گی جبکہ میلے سے لوگوں کو تفریح کا موقع بھی میسر آئے گا۔انہوں نے بتایا کہ میلے میں جنوبی پنجاب کے تینوں ڈویژن سے فن اور ادب سے وابستہ شخصیات کو مدعو کیا جارہا ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری سپیشلائزڈ  ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب قمرالزمان قیصرانی اور ڈپٹی سیکرٹری زاہد محمود  کے علاوہ جنوبی پنجاب کے محکمہ ہائر ایجوکیشن، ہاوسنگ، لوکل گورنمنٹ، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل اور ڈپٹی سیکرٹریز کے علاوہ پنجاب پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران  نے بھی شرکت کی۔