بہاولنگر،13 مارچ ( اے پی پی):ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر/ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے کہا ہے کہ صوبہ بھر کی طرح ضلع بہاولنگر میں بھی صوبائی اسمبلی انتخابات کے عمل کو صاف ،شفاف ، منصفانہ ، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ بنانے کے لیے تمام ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران انتہائی ذمہ داری سے آئینی فرائض انجام دیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کے ڈی سی آفس میں ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے منتخب ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران سے حلف بھی لیا۔
ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے ہدا یت کی کہ تمام ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران اپنے اپنے فوکل پرسن بھی تعینات کریں، الیکشن کمیشن کے افسران کے ساتھ مربوط رابطہ استوار رکھیں اور انکی طرف سے درکار معلومات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے اسکے علاؤہ الیکشن کی پالیسی اور گائیڈ لائنز پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ باہمی اشتراک عمل سے الیکشن کے عمل کو پرامن بناتے ہوئے اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے اس
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر/ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سلمان خان لودھی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق 30اپریل کو پنجاب میں ہونے والے انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کی تیاریاں جاری ہیں، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ کروائی ہےاور الیکشن کمیشن کے ماسٹرز ٹرینرز نے ٹریننگ دیدی ہے۔ ٹریننگ میں انتخابی انعقاد، پولنگ کا عمل اور الیکشنز ایکٹ سمیت اختیارات پر تربیت بھی دی جاچکی ہےاور آر اوز، اے آر اوز کی ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر بہاول نگر تنویر احمد ہمایوں ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) صہیب بٹ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل محمد یوسف چھینہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس ) احمد سلیم چشتی، اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر آمنہ احسان کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران شریک تھے ۔











