سکھر، 25مارچ (اے پی پی): سیکریٹری صنعت و تجارت سندھ عبدالرشید سولنگی نے کہا ہے کہ ضلع اور تحصیل سطح پر سندھ حکومت کی جانب سے بچت بازار قائم کئے گئے ہیں ، غریب اور مستحق افراد کو اشیاء خورد و نوش، تیل، آٹا اور دیگر اشیاء کی سستے داموں فراہمی سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
یہ بات انهوں نے ایک اہم اجلاس کے دوران کہی ۔ اجلاس میں خیرپور، سکھر اور گھوٹکی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، آئل، آٹا فیکٹریز کے مالکان، انجمن تاجران اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی ۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے تمام افسران پر زورد یا کہ تحصیل سطح پر لگائے گئے رمضان بچت بازاروں میں روزانہ کی بنیاد پر معیاری اور سستی اشیاء کی موجودگی، سبسڈی والے نرخ پر فروخت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج حیدرآباد اور سکھر میں اجلاس بلانے کا مقصد سندھ حکومت کی جانب سے اشیاء پر سبسڈی دی گئی ہے اس کو معیاری حالت میں خریدار تک پہنچنے کے لیے تمام ذمہ دار افسران اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، روزانہ کی بنیاد پر رمضان بچت بازاروں کا دورہ اشیاء کی فراہمی اور سستے داموں کی چیکنگ بھی دورے کا حصہ ہوگی جس کی روپورٹ فراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت رمضان المبارک کے رحمتوں اور برکتوں کے مہینے میں اپنے صوبے کے غریب اور مستحق افراد کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کو عملہ جامہ پہنانا رہی ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل کمشنرسکھر، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی، ڈپٹی کمشنر خیرپور، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز، تیل، آٹا ملز مالکان، انجمن تاجران سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں اور ذمہ داراوں نے شرکت کی۔











