عمران خان عدالت سے بچنے کے لیے حیلے بہانے کر رہا ہے ؛طلال چوہدری

5

فیصل آباد،18مارچ  (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما  و سابق وزیرمملکت طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خاں عدالت سے بچنے کے لیے   حیلے بہانے کر رہا ہے ،پاکستان میں سیاستدان بہادری کا نشان تھے اور ہیں ، عمران خان  نے بزدلی کی انتہا کر کے سیاستدانوں پہ دھبہ لگا دیا ۔پولیس عدالت کے سرچ وارنٹ لیکر جائے تو پتھروں، غلیلوں اور پٹرول بمبوں سے پولیس پر حملہ کروا تا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالت سے بچنے کے لیے دہشت گردوں کی طرح حیلے بہانے کر رہا ہے پولیس پر ڈنڈے اور پتھر برسا نے والے کو دہشت گرد ناں کہیں تو اور کیا کہیں ،اگر اس کا دامن صاف ہے تو عدالت جانے سے کیوں گھبراتا ہے لیکن اسے پتہ ہے کہ اگر وہ عدالت گیا تو ایکسپوز ہوجائے گا کیونکہ توشہ خانہ کے ہیرے، قیمتی گھڑیاں تحائف پردے پیچھے سے نکل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیر میں سیاست دان بہادری کا نشان تھے، انہوں نے جلا وطنی اور پھانسی کو گلے لگایا لیکن کبھی تشدد کا راستہ اختیار نہیں کیا۔

سابق وزیرمملکت طلال چوہدری نے کہا کہ جن لوگوں کا دامن صاف ہو وہ عدالتوں میں پیش ہونے سے نہیں گھبراتے لیکن عمران خان توشہ خانہ اور لوٹ مار کا حسا ب دینے اور قانون کا سامنا کرنے کی بجائے عورتوں بچوں اور کارکنوں کو ڈھال بنا رکھا ہے، وہ کبھی عورتوں اور کارکنوں کے پیچھے چھپتے ہیں اور کبھی لاشوں کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں انصاف نام کی کوئی چیز نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ پچھلے سات روز سے زمان پارک میں دہشت گردی کی جار ہی ہے۔ پہلے ظل شاہ کی لاش پر سیاست کرتے رہے پھر کارکنوں اور عورتوں کو ڈھال بنا کر پولیس پر حملہ آور ہو گئے، انہوں نے کہا کہ ریاست پر حملہ کرنے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جانی چاہئے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما  و سابق وزیرمملکت طلال چوہدری نے کہا کہ عام آدمی پولیس کی وردی کو ہاتھ لگائے تو مہینوں جیل میں رہتا ہے لیکن یہ پولیس پر پٹرول بموں سے حملے کر رہے ہیں اور گولیاں چلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون کا نفاذ تمام لوگوں کیلئے یکساں بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کی طرح تمام لوگوں نے جتھے اکٹھے کرنے شروع کر دیئے تو نظام گر جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 200  سے زائد پیشیان بھگتیں لیکن کبھی کارکنوں یا جلوس ساتھ نہیں لائے اور نہ ہی کارکنوں کو ڈھال بنایا تمہاری بدمعاشی ریاست کے سامنے کچھ نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن انتخابات کیلئے پوری طرح تیار ہے، پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، سروے مکمل ہو چکا ہے، لیکن فری اینڈ فیئر انتخابات کیلئے ضروری ہے کہ پہلے ترازو کے پلڑے برابر کئے جائیں ۔