فیصل آباد،15مارچ (اے پی پی): وفاقی محتسب کی ہدایات پر ایڈوائزر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس نے منگل کے روز ضلعی پاسپورٹ آفس فیصل آباد کا دورہ کیا۔ شاہد حسین جیلانی ایڈوائزر ریجنل آفس وفاقی محتسب سیکرٹریٹ فیصل آباد کے دورے کے دوران یاسر شبیر ملک اسسٹنٹ رجسٹرار بھی انکے ہمراہ تھے۔ا یڈوائزر شاہد حسین جیلانی نے بتایا کہ وفاقی محتسب نے چند روز قبل ہونے والے جائزہ اجلاس میں ہدایات جاری کیں تھیں کہ پاسپورٹ آفس کا دورہ کیا جائے اور پاسپورٹ کی جلد سے جلد عوام کو فراہمی بارے عمل کا جائزہ لیا جائے تاکہ عوام کے مسائل و مشکلات حل ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی محتسب کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ہم نے آج یہ دورہ کیا ہے تاہم ابتدائی طور پر ریکارڈ کے معائنہ اور آفس کے تمام شعبوں میں کام کی رفتار دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ ضلعی پاسپورٹ آفس کا نظام محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے درست سمت میں کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کو دوران حصول پاسپورٹ دی جانیوالی سہولیات کا بھی جائزہ لیا ہے اور دفتر میں موجود سائلین کو در پیش مسائل کی بابت بھی دریافت کیا تاہم اکثریت نے کہا ہمیں کوئی شکایت نہ ہے۔شاہد حسین جیلانی نے دفتر کے سائلین کو مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے اور پاسپورٹ کی درخواست سے لیکر حصول تک تمام مراحل میں مزید بہتری لانے کی ہدایات جاری کیں۔
ساجدالرحمان اسسٹنٹ ڈائریکٹر ضلعی پاسپورٹ آفس نے ایڈاوئزر وفاقی محتسب کو آفس کا معائنہ کروایا اور تمام متعلقہ ریکارڈ انکے حوالے کیا۔ساجد الرحمان نے کہا کہ ہم سٹاف کی کمی کے باوجود روزانہ 600 کے قریب درخواستیں مکمل کر کے پاسپورٹ پرنٹنگ کیلئے اسلام آباد بھیجتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہیومن ریسورس کی کمی کے ساتھ ساتھ ڈاک کے براہ راست اسلام آباد نہ پہنچنے سے بھی پاسپورٹ کی ڈلیوری میں ایک دن کی مزید تاخیر ہو جاتی ہے کیونکہ ڈاک فیصل آباد سے پہلے لاہور اور پھر اسلام آباد جاتی ہے۔ساجد الرحمان نے ایڈوائزر شاہد حسین جیلانی کو مزید بتایا کہ فیصل آباد میں پروٹیکٹر آفس بھی نہیں ہے اور بجٹ بھی بہت کم ہے۔ ایڈوائزر شاہد حسین جیلانی نے مو قع پر موجود خواتین کے بھی مسائل سنے اور انکے فوری حل کیلئے ہدایات جاری کیں۔











