فیصل آباد؛ ضلع بھر میں رمضان سپیشل پیکج کے تحت فری آٹا کی تقسیم شروع

8

فیصل آباد، 19 مارچ(اے پی پی ):ضلع بھر میں رمضان سپیشل پیکج کے تحت فری آٹا کی تقسیم شروع ہوگئی ہے ۔ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام پہلے روز ریاض شاہدچوک،ہاکی سٹیڈیم،کلیم شہید پارک،فیضان مدینہ چوک،ماڈل بازار جھنگ روڈ، سپورٹس کمپلیکس سمن آباد اورالفتح سپورٹس کمپلیکس سلیمی چوک کے بڑے سنٹرز،یوٹیلٹی سٹورز،پی اے ایس پی کی رجسٹرڈ شاپس سمیت ضلع بھر کے 44 ڈسٹری بیوشن سنٹرز پر10 کلوگرام فری آٹاکے ایک لاکھ18 ہزار363تھیلے تقسیم کئے گئے۔

ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے ریاض شاہد چوک سمیت دیگرڈسٹری بیوشن پوائنٹس ویوٹیلٹی سٹورز اور پی اے ایس پی کی رجسٹرڈ شاپس کاہنگامی دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمدزبیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ افراد کو فری آٹا کی فراہمی کے عمل کا معائنہ کیا۔انہوں نے کاؤنٹرز پر شناختی کارڈ کی سکیننگ،ریکارڈ کے اندراج کے بعد آٹا کے تھیلے کی تقسیم کو مانیٹر کیا اور کہا کہ شفافیت اس سکیم کا طرہ امتیاز ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے سنٹرز پر خواتین ومرد کے بیٹھنے کے سایہ دار انتظامات وپینے کے پانی کی دستیابی چیک کی۔انہوں نے ڈیوٹی سٹاف کو تاکید کی کہ مستحقین کو عزت واحترام کے ساتھ آٹا کے بیگ فراہم کئے جائیں اور ان کی رہنمائی کے لئے بھی اقدامات کریں۔

ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ افراد8070 پر میسج کرکے تصدیقی میسج موصول ہونے پر اپنا اصل قومی شناختی کارڈ ہمراہ لائیں اور موقع پر اہلیت کی جانچ پڑتال کراکر مرحلہ وار آٹا کے تین تھیلے مفت حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ ضلع میں 11 لاکھ افراد رجسٹرڈ ہیں تاہم نئے افراد بھی رجسٹریشن کے لئے ATTA>شناختی کارڈ نمبر #ٹائپ کرکے 8070 پر بھیجیں اور تصدیقی میسج آنے پر آٹا حاصل کریں۔انہوں نے اہل افراد سے کہا کہ وہ سنٹر پر آٹا حاصل کریں سب مستحقین کو اس سکیم کے تحت آٹا ملے گا،ضلعی انتظامیہ نے سنٹرز پر غیر معمولی انتظامات کررکھے ہیں اور یہ سکیم25 رمضان المبارک تک صبح9 سے شام5 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ڈسٹری بیوشن سنٹرز پر تمام تر ضروری انتظامات کو چوکس رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نگران حکومت پنجاب آٹا کی شفاف ومنصفانہ تقسیم کے سارے عمل کی براہ راست نگرانی کررہی ہے لہذا معمولی سی بھی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر آٹا حاصل کرنے والوں نے نگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے موثر انتظامات کی بدولت مستحقین کو تیز رفتاری سے آٹا مل رہا ہے جو کہ احسن اقدام ہے۔