لاہور،31مارچ(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں بی بی پاکدامن کے مزار کے توسیعی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفننگ میں بتایا گیا کہ مزار بی بی پاکدامن کے توسیعی پراجیکٹ کا گرے سٹرکچر مکمل ہوچکا ہے۔ محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کے توسیعی پراجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیا اور ہدایت بھی دی کہ توسیعی پراجیکٹ کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ توسیعی پراجیکٹ کی تکمیل سے زائرین کے لئے سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔ قصور میں بابا بلھے شاہؒ، فیصل آباد میں نصرت فتح علی خان کے مزارات کیلئے جدید ترین ڈیزائن تیار کرنے کی ہدایت بھی دی۔ صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر، صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات بلال افضل۔ چیف سیکرٹری ، سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، پراجیکٹ کنسلٹنٹ نیئر علی دادا، آرکیٹیکٹ حیدر ابراہیم اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔











