ملتان، 25 مارچ(اے پی پی):کمشنر انجینئر عامر خٹک کی صدارت میں انسداد ڈینگی اجلاس منعقد ہوا، جس دوران انسداد ڈینگی مہم کے اقدامات اور آگاہی مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی سی عمر جہانگیر نے ضلع میں ڈینگی لاروا کی تلفی کے اقدامات پر تفصیلی بریفننگ دی۔
اجلاس میں کمشنر انجینئر عامر خٹک نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ موسم کے باعث ڈینگی لاروا کی افزائش کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ناقص کارکردگی کے حامل محکموں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے ، ڈینگی لاروا ملنے پر کمرشل و نجی عمارتوں کو سیل کرنے کا آغاز کیا جائے۔
کمشنر نے کہا کہ زیرتعیمر عمارات اور جوہڑوں کی خصوصی چیکنگ کی جائے گی اور ضلعی محکمے صفائی اقدامات کے حوالے سے خصوصی اقدامات کریں۔انہوں نے کہا ڈینگی پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کے علاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئےپروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ ڈویژن میں امسال ابتک ان ڈور 395 مقامات سے لاروا برآمد ہوا ،آؤٹ ڈور سرویلنس کے دوران 13 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا جبکہ ڈویژن میں ڈینگی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
اجلاس میں سی او ہیلتھ ڈاکٹر فیصل رضا قریشی متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔











