ملتان،25 مارچ (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں مفت آٹے کی فراہمی کیلئے 34 ڈسٹری بیوشن سنٹرز مکمل فعال کردیے گئے ہیں،شدید بارش کے بعد رات گئے ضلعی محکموں نے نکاسی آب آپریشن جاری رکھا اور سنٹرز کو پانی سے صاف کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آٹا ڈسٹری بیوشن پوائنٹس کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر کو متعلقہ حکام نے بریفننگ بھی دی ۔ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ پہلے ہفتے 3 لاکھ مستحق شہریوں کو مفت آٹا فراہم کردیا گیا ہے جبکہ ساڑھے 8 لاکھ شہریوں کو 26 لاکھ سے زائد تھیلے فراہمی کا ٹاسک ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر سنٹرز پر بہترین سہولیات فراہم کی ہیں۔8 روز بعد شہریوں کو دو تھیلے اکٹھے دینے کی پالیسی زیر غور ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جدید سکینگ سسٹم کے تحت آٹا فراہمی میں شفافیت یقینی بنائی گئی ہے جبکہ سپیشل افراد اور بزرگوں کیلئے علیحدہ کاونٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خواہش مند شہری بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں خود کو رجسٹرڈ کرائیں۔انہوں نے کہا کہ 8070 پر میسج کرکے آٹے کی فراہمی کیلئے اہلیت چیک کی جاسکتی ہے۔











