ملتان ؛حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر متعدد کو جرمانے، ممنوعہ اجزاء تلف

15

ملتان، 4 مارچ(اے پی پی): پنجاب فوڈ اتھارٹی نے خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ملتان، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں میں کارروائیاں کیں اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر ڈرنک کارنرز، سویٹس اینڈ بیکرز، ملک شاپس کو بھاری جرمانے عائد کئے اور موقع پر 40 لٹر ایکسپائرڈ مشروبات، 50 ساشے ممنوعہ گٹکا، 10 کلو کھلے اور ممنوعہ اجزاء تلف کردیے گئے۔

اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے کہا کہ اڈہ لطف آباد میں ڈرنک کارنر کو گٹکا بیچنے پر 15 ہزار جرمانہ کردیا گیا ہے جبکہ مٹھائی میں مردہ مکھیاں پائے جانے پر بوسن روڈ بائی پاس پر سویٹس شاپ کو 15 ہزار جرمانہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خانیوال میں زائدالمیعاد مشروبات فروخت کرنے پر راجپوت کالونی میں کریانہ سٹور کو 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ وہاڑی میں چائنہ نمک فروخت اور ایکسپائری مصالحہ جات بیچنے پر مرضی پورہ بورے والا میں کریانہ سٹور کو 15 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے اور لودھراں میں جلال پور موڑ پر صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر ڈیری شاپ کو 10 ہزار جرمانہ کیا گیا ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ایکسپائری خوراک کا استعمال مہلک امراض کا باعث بنتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صحت دشمن عناصر کو کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔