نوشہرہ ورکاں،23 مارچ (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ فیاض احمد موہل اور سٹی پولیس آفیسر ایاز سلیم کی زیرصدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ رمضان المبارک کے ماہ مقدس میں علمائے کرام امن و رواداری، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام عام کریں، مخلوق خداکی خدمت اور سفید پوش، مستحق لوگوں کی مدد خود بھی کریں اور لوگوں کو بھی ترغیب دیں، مخلوق کی رضا میں ہی خدا کی خوشنودی و رضا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کریں اور رمضان المبارک میں لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے میں حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں، گوجرانوالہ کی امن کمیٹی نے ہمیشہ قیام امن کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کیا اور انتظامیہ و پولیس کے ہاتھ مضبوط کئے ہیں۔
اجلاس میں مذہبی اور سیاسی ہم آہنگی کیلئے مل کر چلنے اور معاشرے میں امن کی راہ ہموار کرنے پر ڈپٹی کمشنر اور سی پی او سمیت دیگر شرکاءنے ذور دیا۔
اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن، صدر انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت دیگر نے شرکت کی۔











