نگران وزیراعلی پنجاب کی زیرصدارت ڈویژنل کمشنرز وآر پی اوز کا اجلاس،رمضان المبارک میں آٹے کےخصوصی پیکیج پرعمل درآمد کی ہدایت

14

لاہور،12مارچ  (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت پنجاب کے تمام ڈویژنل کمشنرز او رآر پی اوز کا اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعلی نے کمشنرز او ر آرپی اوز کو عوام کو ریلیف اور زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کے لئے ٹاسک دے دیا۔

 محسن نقوی نے کمشنرز او رآر پی اوز کو رمضان المبارک کے دوران مفت آٹے کی فراہمی کے خصوصی پیکیج کی خود نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو رمضان المبارک میں حقیقی ریلیف دینے کے لئے مفت آٹے کا خصوصی پیکیج لا رہی ہے جس پر بہترین طریقے سے عملدرآمد کرانا آپ سب کی ذمہ داری ہے۔ مفت آٹے کے خصوصی رمضان پیکیج پر اچھے طریقے سے عملدرآمد یقینی بنا کر آپ دنیا کے ساتھ آخرت میں بھی سرخرو ہوسکتے ہیں۔ پنجاب حکومت اچھے اضلاع کے افسروں او رعملے کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی جبکہ  میں اور میری ٹیم اس پیکیج کو کامیاب بنانے کے لئے فیلڈ میں موجود رہیں گے۔ انہوں نے شادی کی تقریبات میں ون ڈش اور وقت کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ  لاہور سمیت کئی شہروں سے ون ڈش اوروقت کی پابندی نہ کرنے کے حوالے سے شکایات مل رہی ہیں۔ کمشنرز اور آرپی اوز اپنی فیلڈ فارمیشن کے ذریعے اس پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

وزیراعلی نے صوبہ بھر میں جعلی زرعی ادویات تیار و فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈائون کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ چند پیسوں کے عوض یہ کاشتکاروں کو  لوٹتے او رفصلوں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ وزیراعلی نے گندم خریداری مہم کے دوران حکومتی ٹارگٹ کو پورا کرنے کے لئے خریداری مراکز کے دوروں کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی چوری کو روکنے کے لئے موثر انداز سے کام کیاجائے۔

 انہوں  نے رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کے لئے موثر میکنزم تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک کے دوران ناجائز منافع خوروں او رذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ انتظامیہ او رپولیس ہر چھوٹے بڑے سٹور پر جا کر نرخوں کو چیک کرے اور مقرر کردہ نرخوں سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

 محسن نقوی نے پنجاب بھر میں سرکاری ملازمین کے لئے دفتری اوقات کار کی پابندی کی ہدایت کی ہے۔انہوں   نے کمشنرزاو رآرپی اوز کو بے سہارا بچوں کے سنٹرز کے وزٹ کی ہدایت کی ہے۔اسی طرح گنے کے کاشتکارو ں کوجلد ازجلد ادائیگیوں کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شوگر کین کی مد میں کاشتکاروں کو ادائیگیوں میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔